عید کیلئے ٹریفک کا جامع پلان تشکیل دے دیا گیا: رائے اعجاز احمد

عید کیلئے ٹریفک کا جامع پلان تشکیل دے دیا گیا: رائے اعجاز احمد

لاہور(لیاقت کھرل)چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ عید الفطر کے قریب آتے ہی ٹریفک کا ایک جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ مارکیٹوں، بازاروں، شاپنگ مالز سمیت شہر کی تمام شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے،رانگ پارکنگ کے خاتمہ سمیت بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کے دوران کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کئے گئے اور اب رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹوں،بازاروں،شاپنگ مالز سمیت کارباری سنٹروں میں رش بڑھ رہا ہے۔تاہم ٹریفک کے نظام کوروانی سے چلانے کے لئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔ اور اس میں بالخصوص افطاری کے بعد عید کی شاپنگ کے لئے آنے والے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں لاہو رکو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور 2 ایس پیز ،13 ڈی ایس پیز،40انسپکٹرز ،362ٹریفک وارڈنز کو شہر کی اہم مارکیٹوں ، بازاروں سمیت اہم چوہراؤں سمیت اہم مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے جبکہ مارکیٹوں اور بازاروں میں مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے لیے 50پٹرولنگ آفیسرزتعینات کردیے گئے ہیں۔اسی طرح شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت اہم شاہراؤں، اہم چوہراؤں اور مارکیٹوں سمیت بازاروں کے اردگرد نفری بڑھا دی گئی ہے۔ سٹی ڈویژن ایس پی آصف صدیق اور کینٹ ڈویژن و صدر ڈویژن میں ایس پی سردار محمد آصف کی سپر ویژن میں ٹریفک کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سی سی پی او لاہور کے حکم پر ڈولفن پولیس اہلکار بھی گشت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رانگ پارکنگ اور ٹریفک کی خلاف ورزی کی آگاہی کے لئے روڈ سیفٹی کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی کے لئے وارڈنز کو میگا فون جاری کردئیے گئے ہیں۔ سی ٹی او رائے اعجاز احمد نے بتایا کہ ٹریفک کی خلاف ورزی میں ون وے آنا ایسے ہے جیسے کوئی بندہ اپنے آپ کو خودکشی کی طرف لے جاتا ہے اور یہ ایک قسم کی خودکشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری مارکیٹوں اور بازاروں میں شاپنگ کے لئے آتے وقت اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں سڑک کے کنارے پارک کرنے کے بجائے پارکنگ کے لئے مختص پوائنٹس پر گاڑیوں کو پارک کریں اس سے ٹریفک کی روانی بہترہو گی اور شہری اذیت سے بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ون وے اور رانگ پارکنگ سمیت بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے دو دنوں کے دوران 1500سے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جبکہ بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے 150بھکاریوں کو پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز روزے کے دوران معمول کی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ افطاری کے بعد بھی رات گئے تک بھی شہریوں کی مدد اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے موجود رہیں گے جس سے شہر کی ٹریفک بڑے اچھے انداز اور روانی سے چلتی نظر آئے گی۔

مزید : علاقائی