خواجہ حارث کونیب ریفرنسز سے دستبردار کروایاگیا :اعتزاز احسن کادعویٰ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ خواجہ حارث نیب ریفرنسز سے دست بردار نہیں ہوئے بلکہ ان کو دستبردار کروایا گیا۔میڈیا نواز شریف کی پریس کانفرنسز کا بائیکاٹ کرے کیونکہ یہ پریس کانفرنسز نہیں ہیں جہاں کسی کوسوال کرنے کی اجازت ہیں نہیں دی جاتی ۔
اے آروائی نیوز کے پروگرام ”آف دی ریکارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نوازشریف کی پریس کانفرنس کو پریس کانفرنس نہیں کہا جا سکتا کیونکہ وہ اپنا بیان دیکر چلے گئے اور کسی کوسوال کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ میڈیا کوایسی پریس کانفرنسز کا بائیکاٹ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ حارث سے جو کام کروایا گیا ہے لیکن میں آپ کوبتانا چاہتا ہوں کہ میں آصف زرداری اور بے نظیر بھٹو شہید کے لئے دن رات مقدمات میں پیش ہوا ہوں۔ میں ایک کیس میں 9گھنٹے پیش ہوا تھا اور میری ٹانگیں کاپ رہی تھیں ۔ وکیلوں کو یہ کشٹ کاٹنے پڑتے ہیں اور خواجہ حارث یہ کرسکتے تھے لیکن ان کو مشورہ دیا گیا کہ وہ کیس سے دستبردار ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کیس میں ایک ایک گواہ پر تیس30دن جرح ہو تی رہی ہے یہ رعایت صر ف شہزادوں کوملتی ہے ہم جیسوں کو نہیں۔انہوں نے کہا کہ جتنی رعایت اس کیس میں نواز شریف کے ساتھ برتی گئی ہے کبھی کسی سے نہیں برتی گئی ۔ آج تک کسی نے ان سے نہیں پوچھا کہ آپ کے بیٹے مفرور کیوں ہیں؟نواز شریف کا کیا اپنے بیٹوں سے پوچھنا نہیں بنتا تھا کہ تمہارے پاس اتنے پیسے کہاں سے آگئے ہیں؟ تاکہ میں عدالت میں جواب دیکر اپنی جان خلاصی کروا سکوں۔انہوں نے کہا کہ عدالتیں غلط سمت جارہی ہیں ۔ عدالت کو پوچھنا چاہئے کہ آپ اپنے بیٹوں کے پاس جا کر رہتے ہیں تو ان سےپوچھیں کہ اتنی دولت آپ کے پاس کہاں سے آئی ہے ؟اعتزاز احسن نے کہا کہ دفاع کیلئے جتنا موقع عدالت نے نواز شریف کو دیا ہے کسی کونہیں دیا گیا مگر وہ اپنے دفاع میں کوئی منی ٹریل نہیں دے سکے ۔لندن ائر پورٹ پر ان کا دفاع ان کے مفرور بیٹے کرتے ہیں۔