بغیر شادی کے ساتھ رہنا ثابت ہوگیا تو ماتھے کا کلنک بن جائے گا،عائشہ احد اور حمزہ شہباز کو مصالحت کی پیش کش کرتے ہوئے چیف جسٹس کے ریمارکس

بغیر شادی کے ساتھ رہنا ثابت ہوگیا تو ماتھے کا کلنک بن جائے گا،عائشہ احد اور ...
بغیر شادی کے ساتھ رہنا ثابت ہوگیا تو ماتھے کا کلنک بن جائے گا،عائشہ احد اور حمزہ شہباز کو مصالحت کی پیش کش کرتے ہوئے چیف جسٹس کے ریمارکس

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لاہور(نامہ نگار خصوصی)عائشہ احد اور حمزہ شہباز شریف نے چیف جسٹس پاکستان کے چیمبر میں راضی نامہ کر لیا،ایک دوسرے کے خلاف درج مقدمات واپس لینے پر رضامند، چیف جسٹس نے فریقین کو چیمبر میں طے پانے والے معاملات عوام الناس کے سامنے لانے اور آئندہ ایک دوسرے پرالزامات عائد کرنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے عائشہ احد پر تشدد سے متعلق از خود کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پر عائشہ احد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حلفاً کہتی ہوں میرا حمزہ شہباز سے نکاح ہوا،حمزہ شہباز شریف نے مجھ پر تشدد کیا اور نکاح سے انکاری ہے، حمزہ شہباز کے ساتھ نکاح کے ثبوت اور گواہ موجود ہیں، حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ میرے اوپر واضح الزام ہے ،حلفیہ کہتا ہوں کہ میرا عائشہ احد سے کوئی نکاح نہیں ہوا،نکا ح کا کوئی ثبوت نہیں ہے ،اس حوالے سے عدالتی فیصلہ بھی موجود ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ یہ آپ کانجی معاملہ ہے آپ دونوں میرے بچوں کی طرح ہیں ،بڑے ہونے کی حیثیت سے کہہ رہا ہوں کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کر لیں ورنہ جے آئی ٹی قائم کریں گے،جے آئی ٹی بنی تو اس میں آئی ایس آئی ،ملٹری انٹیلی جنس،انٹیلی جنس بیورو اور پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے افسران کو شامل کیا جائے گا، اس موقع پر چیف جسٹس نے حمزہ شہباز کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کا خاندان پنجاب میں بہت بااثر ہے ،اس لئے جے آئی ٹی کے ممبران دوسرے صوبوں سے لئے جائیں گے ۔ حمزہ شہباز کے وکیل زاہد حسین بخاری نے دلائل دینے کی کوشش کی تو چیف جسٹس نے انہیں روک دیا اور کہا کہ میں متاثرہ فریقین کا موقف سننا چاہتا ہوں۔زاہد بخاری نے کہا کہ فاضل بنچ عائشہ احد کے دعویٰ کا فیصلہ دیکھ لے جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ اپنی وکالت بالائے طاق رکھیں ،دونوں باعزت ہیں معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے دیں ۔فاضل جج نے عائشہ احد سے کہا کہ بھری عدالت میں اپنی عزت خراب نہ کریں،بغیر شادی کے ساتھ رہنا ثابت ہوگیا تو ماتھے کا کلنک بن جائے گا اور میں نہیں چاہتا کہ ایساہو۔چیف جسٹس نے حمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگرشادی ہوئی ہے تو طلاق دے کرعزت سے علیحدہ کر دیں، نکاح رجسٹرڈ نہیں توکوئی بات نہیں، شرعی گواہ ہونے چاہئیں، نکاح نہیں ہوا تو زبردستی تسلیم کرنے کی ضرورت نہیں، اگر یہ ثابت ہو گیا کہ آپ اکٹھے رہتے رہے ہیں تو اس کے نتائج سے آگاہ رہنا چاہئے جس پر فریقین نے چیف جسٹس کے چیمبر میں جا کر اپناموقف اختیار کرنے پر اتفاق رائے کیا۔ چیف جسٹس نے عائشہ احد اور حمزہ شہباز کو چیمبر میں طلب کیا،حمزہ شہباز اور عائشہ احد اکیلے چیف جسٹس کے چیمبرمیں چلے گئے،چیف جسٹس کے چیمبر میں عائشہ احد اور حمزہ شہباز کے درمیان اتفاق رائے سے معاملات طے پا گئے،چیف جسٹس نے اتفاق رائے ہونے پر درخواست نمٹا دی،چیف جسٹس نے احکامات صادر کرتے ہوئے کہا کی عائشہ احد کاحمزہ شہبازکے خلاف تمام مقدمات واپس لیںنے پر اتفاق رائے ہواہے اور حمزہ شہباز نے بھی عائشہ احد کے خلاف تمام مقدمات واپس لیںنے پررضامندی ظاہرکی ہے، چیف جسٹس نے دونوںکو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہ کرنے سے روک دیا، عدالت نے دونوں فریق کوچیمبر میں طے پانے والے معاملات کوعوام الناس کے سامنے نہ لائے کا پابند بناتے ہوئے از خود کیس نمٹا دیا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور