توہین عدالت کیس ،احسن اقبال کی تقریرکا ویڈیو کلپ غائب ،ہائی کورٹ نے مکمل ویڈیو طلب کرلی 

توہین عدالت کیس ،احسن اقبال کی تقریرکا ویڈیو کلپ غائب ،ہائی کورٹ نے مکمل ...
توہین عدالت کیس ،احسن اقبال کی تقریرکا ویڈیو کلپ غائب ،ہائی کورٹ نے مکمل ویڈیو طلب کرلی 

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں قائم 3رکنی بنچ نے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت20جون پر ملتوی کرتے ہوئے احسن اقبال کو ان کے متعلقہ بیان کی مکمل ویڈیو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پیمرا کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ احسن اقبال کی تقریر کا ویڈیو کلپ عدالت میں پیش کیا جائے ۔

پیمرا کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ان کے پاس احسن اقبال کا ویڈیو کلپ نہیں ہے جبکہ احسن اقبال کے وکیل نے یو ٹیوب سے ان کے بیان کی ویڈیوکاپی کرکے عدالت میں پیش کی ۔وہ اصل سی ڈی پیش ن کرسکے اور عدالت کو بتایا کہ ہم نے بہت کوشش کی لیکن اصل ویڈیو نہیں ملی جس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ ہمیں کیسے پتہ چلے گا کہ احسن اقبال نے کہا کیا ہے، مکمل ویڈیو سے ہی پتہ چلے گا کہ کیس بنتا بھی ہے کہ نہیں،فاضل جج نے پیمرا حکام سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس ویڈیو کلپ ہے ؟،پیمرا حکام کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ان کے پاس احسن اقبال والا کلپ نہیں ہے، اس موقع پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ بڑے اورچھوٹے میاں صاحب نے کہہ دیا ہے کہ کل سے بجلی نہ آئے تو ہم ذمہ دار نہیں ہے۔پہلے آپ کہتے تھے کہ ہم نے وافر بجلی بنا دی ہے آپ جیسے مرضی لائٹیںآن کر کے بیٹھیں ،بتائیں یہ کس کا بیان تھا، عدالت نے پیمرا کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ احسن اقبال کا ویڈیو کلپ لا سکتے ہیں؟،پیمرا کے وکیل نے کہا کہ ہم کوشش کر سکتے ہیں،فاضل جج نے کہا تو پھر یہ آپ کے اختیار میں ہے کہ آپ کیا کوشش کرتے ہیں ،عدالت نے مذکورہ احکام کے ساتھ کیس کی مزید سماعت 20جون تک ملتوی کردی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور