یہ نا اہلوں اور عالمی ساہوکاروں کا خون چوسنے کا نسخہ ہے، نواز شریف کی یاد تو آئی ہو گی! مریم نواز کا بجٹ پر رد عمل

یہ نا اہلوں اور عالمی ساہوکاروں کا خون چوسنے کا نسخہ ہے، نواز شریف کی یاد تو ...
یہ نا اہلوں اور عالمی ساہوکاروں کا خون چوسنے کا نسخہ ہے، نواز شریف کی یاد تو آئی ہو گی! مریم نواز کا بجٹ پر رد عمل

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ بجٹ نہیں بلکہ عوام کا خون چوسنے کا نسخہ ہے، آج نا صرف کاروباری طبقے بلکہ تنخواہ دار، دیہاڑی دار ، نوکری پیشہ، مزدور سمیت محنت و مشقت سے کمانے اور کھانے والے ہر طبقے کو نواز شریف کی یاد تو آئی ہو گی۔

وفاقی بجٹ 2019-20 پر رد عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ یہ بجٹ نہیں ہے بلکہ ملکی نا اہلوں اور عالمی ساہو کاروں کا تیار کردہ عوام کا خون چوسنے کا نسخہ ہے۔ مہنگائی، بےروزگاری اور غربت کی یہ کالی دستاویز نا اہل حکومت کا ایک اور سیاہ کارنامہ ہے جو پاکستان کو کئی سال پیچھے دھکیل دے گا اور غریب کا سانس لینا دشوار بنا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اشیائے خور و نوش اور ضروریات زندگی مہنگی کرنے والی حکومت نے آئی ایم ایف بجٹ کے ذریعے اپنی نالائقی کا بوجھ اس غریب طبقے پر ڈالا جو پہلے سے اس نااہل حکومت کی وجہ پریشان حال زندگی گزار رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نالائق اعظم کا ایک ایک دن ملک پر گہرے زخم لگا رہا ہے۔جس انسان کے گھر کے اخراجات سمیت اس کا ذاتی خرچ اس کے ارب پتی دوستوں کے ذمہ ہو، اس کو مزدور اور محنت کش کے خاندان سمیت 15000 میں زندہ رہنے کا ادراک اور احساس بھی کیسے ہو گا؟۔ آج نا صرف کاروباری طبقے بلکہ تنخواہ دار، دیہاڑی دار ، نوکری پیشہ، مزدور سمیت محنت و مشقت سے کمانے اور کھانے والے ہر طبقے کو نواز شریف کی یاد تو آئی ہو گی۔

مزید : اہم خبریں /قومی /بجٹ