ای سی سی کا پٹرولیم مصنوعات کی قلت پر اظہار برہمی، متعلقہ اداروں کو سٹاک پورا رکھنے کی ہدایت

  ای سی سی کا پٹرولیم مصنوعات کی قلت پر اظہار برہمی، متعلقہ اداروں کو سٹاک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں وزرات صحت کیلئے 7ارب 24کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی جبکہ خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کوسٹاک پورا رکھنے کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ عبد الحفیظ شیخ کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بارہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حفیظ شیخ نے پیٹرولیم مصنوعات کے سٹاک کو سختی سے مانیٹر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران ای سی سی نے الیکٹریکل وہیکل پالیسی کی بھی منظوری دی۔ پالیسی 2اور 3وہیلرز اور ٹرکوں و بسوں سے متعلقہ ہے جس کے تحت ٹیرف اور ٹیکسوں میں کمی کی جائے گی۔ فور وہیلرز گاڑیوں سے متعلق پالیسی کی منظوری آئندہ اجلاس میں ہوگی،تاہم اجلاس میں مختلف وزارتوں کی سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے دوران اجلاس وزارت صحت کیلئے سات ارب 24کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی اور وزرات خارجہ کے بجٹ شارٹ فال کو کور کرنے کیلئے 3ارب 82کروڑ کے فنڈز منظور کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی افرادی قوت کی ریشنلائزیشن کی سمری پر غور کیا گیا جبکہ انتظامیہ سٹیل ملز کی افرادی قوت کی ریشنلائزیشن کیلئے پیش کردہ نظر ثانی شدہ منصوبے پر بحث ہوئی۔ذرائع کے مطابق عدلیہ میں سٹیل ملز سے متعلق زیر سماعت مقدمات کے فیصلوں کی روشنی میں پلا ن تیار کرنے،سٹیل ملزملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے اور واجبات کی ادائیگی کے فارمولے کی تیاری کی بھی ہدایت دی گئی۔ذرائع کے مطابق ویسٹرن بارڈر مینجمنٹ کیلئے 8ارب 84کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی،یہ رقم سول آرمڈ فورسز کی استعداد کار بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی۔اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کیلئے 20کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
ای سی سی

مزید :

صفحہ اول -