کووڈ 19 سرکاری ایپ غیر محفوظ، دعویٰ مسترد

کووڈ 19 سرکاری ایپ غیر محفوظ، دعویٰ مسترد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے کووڈ 19 کی سرکاری ایپ کو غیر محفوظ قرار دینے کے فرانسیسی سکیورٹی محقق کے دعوے کو مسترد کر دیا۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سرکاری ایپ میں سکیورٹی سے متعلق کوئی عیب یا خرابی نہیں، اس ایپ کا مقصد پورے ملک میں وینٹی لیٹرز کی قریبی دستیابی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔ فرانسیسی محقق کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے این آئی ٹی بی نے کہا کہ اس ایپ کا مقصد چونکہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے، لہٰذا اس کے ذریعے صارف کی صر ف محدود معلومات ہی حا صل کی جاتی ہے۔این آئی ٹی بی نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ ایپ متاثرہ صارف کی موجودہ لوکیشن نہیں بتاتی بلکہ جو مریض خود سے بیمار ہو نے کی تصدیق کر چکے ہوتے ہیں، ان کی نشاندہی 10 میٹر کے فاصلے سے کرتی ہے، باقی جو قرنطینہ میں ہوتے ہیں ان کی نشاندہی 300 میٹر کے فاصلے سے ہوتی ہے،لہٰذا جو مریض ہیں انھوں نے خود اپنی مرضی سے رابطہ کرنے کی اجازت دی ہے، تاکہ دوسرے شہریوں کو محفوظ رکھا جائے۔ این آئی ٹی بی نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ تمام صارفین ایپ کی شرائط و ضوابط کو مکمل طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔این آئی ٹی بی کے مطابق کسی صارف کا لاگ ان مکینزم، ایپ میں موجود نہیں یہی وجہ ہے کہ لاگ ان اور پاسورڈ کا استعمال ایپ ورک فلو کا حصہ نہیں، واضح کیا گیا اسکرین شاٹ ہارڈ کوڈ پاسورڈ آٹو ٹوکن اینڈ پوائنٹ کی سکیورٹی کیلئے دیا گیا تاکہ اینڈ پوائنٹ صرف ایپ سے ہی استعمال ہو۔این آئی ٹی بی نے بتایا ہماری تمام ایپلی کیشن HTTPS کو استعمال کرتے ہوئے چلتی ہیں، لہٰذا صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ بین الاقوامی معیار کو اپناتے ہوئے کیا جاتا ہے کیونکہ یہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز فرانسیسی محقق نے ٹوئٹر پر اپنی چند پوسٹس سے یہ دعویٰ کیا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بنائی گئی سرکاری ایپ "COVID-19 Gov PK" میں خرابی ہے۔ ان کا کہنا تھا اس کے تحت صار فین کی خفیہ معلومات اور ڈیٹا چرایا جا رہا ہے اور یہ غیر محفوظ ہے۔
دعویٰ مسترد

مزید :

صفحہ اول -