امریکی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام جنرل فضائیہ کا سربراہ مقرر
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ میں سیاہ فاموں کے مظاہروں کے دوران تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام جنرل کو سروس چیف مقرر کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ا مر یکی سینیٹ نے متفقہ طور پر سیاہ فام آفیسر جنرل چارلس براؤن کو امریکی فضائیہ کا چیف آف اسٹاف مقرر کردیا جو امریکی تاریخ میں کسی بھی ملٹری سروس کی کمان کرنیوالی پہلے سیاہ فام جنرل ہیں۔امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے جنرل چارلس کی تقرری سے متعلق ووٹنگ کی صدارت کی جس میں جنرل چارلس کو 98 ووٹ ملے اور ان کی مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں آیا جسے مائیک پینس نے تاریخی لمحہ قرار دیا۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنرل چارلس کی متفقہ طور پر تقرری کیلئے ووٹنگ ایسے وقت میں ہوئی جب امریکہ میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر مظاہرے ہورہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنرل چارلس براؤن نے حال ہی میں پیسیفک ریجن میں امریکی فضائیہ کی سربرا ہی کی اور وہ ایک لڑاکا پائلٹ ہیں جنہیں لڑائی میں 130 گھنٹے سمیت 2900 گھنٹے سے زائد پرواز کا تجربہ ہے۔جنرل چارلس براؤن نے 1984 میں کمیشن حاصل کیا اور وہ ٹیکسا س ٹیکنیکل یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے اسکوارڈن لیڈر اور ونگ کمانڈر سمیت کئی ذمہ داریاں انجام دیں جبکہ فائٹر ونگز اور فائر اسکوارڈن کی بھی سربراہی کی۔
سیاہ فام جنرل