گورنر سندھ کی جانب سے سول ہسپتال کیلئے حفاظتی سامان کا عطیہ 

گورنر سندھ کی جانب سے سول ہسپتال کیلئے حفاظتی سامان کا عطیہ 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جانب سے سول اسپتال کراچی کے طبی عملہ کے لئے 1500 مکمل حفاظتی لباس، 2000فیس ماسک اور ھینڈ سینیٹائزر کا عطیہ اسپتال کی انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال کراچی ڈاکٹر خادم قریشی، اے ایم ایس ڈاکٹر اسماعیل میمن اور اے ایم ایس ڈاکٹر روبینہ بشیر بھی موجود تھیں۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز، طبی اور صفائی ستھرائی پر مامور عملہ فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ فرنٹ لائن سولجرز کی قربانیوں پر انہیں سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے مراکز میں طبی عملہ کو حفاظتی لباس کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ انہیں حفاظتی سامان کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ حفاظتی لباس کے ساتھ زیادہ بہتر طریقہ سے کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کورونا ایک حقیقت ہے ہمیں کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا کیونکہ اس کے جلد جانے کے آثار نہیں ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے مکمل لاک ڈاؤن کے خلاف ہیں کیونکہ ہمارے ملک کے زمینی حقائق ترقی یافتہ ممالک سے کہیں مختلف ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں کورونا سے بچاؤ کے اقدامات اور معاشی سرگرمیوں میں اعتدال کا راستہ اپنانا ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بد احتیاطی سے صورتحال مزید خراب ہوکستی ہے اس لئے عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ ہاتھ نہ ملانے، گلے نہ ملنے، بار بار ہاتھ دھونے کو اپنے طرز زندگی کا حصہ بنا کرہی ہم کورونا کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنے گھروں کو دوست احباب کو کورونا کے خطرے اور اس سے بچاؤ کی تدابیر سے مسلسل آگاہ کرتے رہنا ہوگا۔ 

مزید :

صفحہ اول -