ٹڈی دل سے فصلوں کی تباہ کاریوں کیخلاف کیس:جواب سے مطمئن نہ ہوئے تو ہم خود یہ معاملہ نیب کو بھیج دیں گے ،سندھ ہائیکورٹ ،صوبائی حکومت سے تفصیلی جواب طلب

ٹڈی دل سے فصلوں کی تباہ کاریوں کیخلاف کیس:جواب سے مطمئن نہ ہوئے تو ہم خود یہ ...
ٹڈی دل سے فصلوں کی تباہ کاریوں کیخلاف کیس:جواب سے مطمئن نہ ہوئے تو ہم خود یہ معاملہ نیب کو بھیج دیں گے ،سندھ ہائیکورٹ ،صوبائی حکومت سے تفصیلی جواب طلب

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی یلغار اور فصلوں کی تباہ کاریوں کیخلاف درخواست پر سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ نے فوکل پرسن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ جواب سے مطمئن نہ ہوئے تو ہم خود یہ معاملہ نیب کو بھیج دیں گے ،عدالت نے سندھ حکومت سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کی یلغار اور فصلوں کی تباہ کاریوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے درخواست گزار سے استفسارکیاکہ کیاٹڈی دل ہر قسم کی فصلوں پر حملہ کرتی ہے؟،درخواست گزار نے کہاکہ یہ ہر قسم کی فصل پر حملہ کرتی ہے ،تھر، سانگھڑ،گھوٹکی کے بعد نوشہرو فیروز پہنچ گئی،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس حوالے سے وفاق اور سندھ حکومت کیا کررہی ہے؟، سندھ حکومت کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی ۔

سرکاری وکیل نے کہاکہ ٹڈی دل کے حملے روکنے کیلئے سندھ کے مختلف اضلاع میں سپرے کیاگیا ،سندھ حکومت نے ٹڈی دل کیخلاف کارروائی کیلئے 31 کروڑ روپے جاری کئے تھے،عدالت نے استفسار کیا کہ 31 کروڑ کی رقم میں صرف34 ہزارایکڑ زمین پر سپرے کیا گیا ؟۔

عدالت نے فوکل پرسن سے استفسار کیا کہ سکھر میں 2 ہزار ایکڑزمین پر سپرے کیا وہ کس کی زمین ہے؟،اس طرح کی بیماریوں سے چھوٹے کاشتکار مر جاتے ہیں بڑے کاشتکار بچ جاتے ہیں ،ہمیں آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب دیں 31 کروڑروپے کہاں خرچ ہوئے ؟۔

عدالت نے کہاکہ ٹڈی دل ایڈز پروگرام و دیگر پروگرام کا جوفنڈزکھایا اس کی تحقیقات نیب کر سکتاہے ،سندھ ہائیکورٹ نے کہاکہ جن لوگوں کی زمین پر سپرے ہو ان کی تفصیلات بھی جمع کرائی جائیں ۔

عدالت نے فوکل پرسن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ جواب سے مطمئن نہ ہوئے تو ہم خود یہ معاملہ نیب کو بھیج دیں گے ،عدالت نے سندھ حکومت سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کرلیا،عدالت نے درخواست پر مزیدسماعت16 جون تک ملتوی کردی۔

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -کراچی -