”انگلینڈ کیخلاف سیریز میں دباﺅ ہو گا مگر اس دوران یونس خان سے۔۔۔“ اظہر علی بھی میدان میں آ گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریزمیں دباؤ ہوگا اور اس دوران یونس خان کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ یونس خان کے ہمراہ متعدد ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں، انگلینڈ کیخلاف سیریز میں دباؤضرور ہو گا مگر اس دوران یونس خان کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
اظہر علی نے کہا کہ بہترین تکنیک، ذہنی پختگی اور میچ کے دوران ہر لمحہ بدلتی صورتحال کا جائزہ لینے کی صلاحیت کے سبب یونس خان نے میدان کے اندر اور باہر حریف ٹیموں پر اپنی دھاک بٹھائی، یونس خان کی تقرری درحقیقت نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا بہترین موقع ہے۔
ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ یونس خان وہ نان انگلش بیٹسمین ہیں جنہوں نے گذشتہ 2 دہائیوں میں انگلینڈ کی کنڈیشنز میں مسلسل رنز بنائے جبکہ ذاتی طور پر وہ اسے قابل رشک عمل سمجھتے ہیں کہ ہماری رہنمائی کیلئے ڈریسنگ روم میں مصباح الحق، وقار یونس، یونس خان اور مشتاق احمد پر مشتمل 332 ٹیسٹ میچوں کا مشترکہ تجربہ موجود ہوگا۔