”بابراعظم ہمارا فخر ہے، اسے چاہئے کہ ویرات کوہلی کی طرح۔۔۔“ شعیب ملک نے شاندار بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ بابراعظم ہمارا فخر ہے، اسے چاہیے کہ ویرات کوہلی کی طرح اپنی ٹیم کو سپورٹ کرے تاکہ کھلاڑی بابر کیلئے کھڑے ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں شعیب ملک نے ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم کی تعریف کی اور مایہ ناز کھلاڑی کی قومی ٹیم کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابراعظم کرکٹ میں ایک ٹیم بنا کرچلے، آپس میں ایک دوسرے کو ہرممکن سپورٹ کریں۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے مطالبہ کیا کہ بابراعظم کو بحیثیت کپتان تمام تراختیارات فراہم کریں تاکہ مستقبل میں کھیل کے دوران وہ بڑے فیصلے لے سکے۔شعیب ملک نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم اب دو فارمیٹس کا کپتان ہے، میری دعا ہے وہ کامیاب ہو، اسے بھی ابھی سپورٹ کی ضرورت ہے تاکہ بابر ایک بڑا کپتان بن کر ابھرے۔
مایہ ناز آل راﺅنڈر نے کہا کہ پی سی بی کا بابراعظم کو طویل مدت کیلئے کپتان بنایا ایک اچھا اور بڑا فیصلہ ہے، ہمیں اس پر فخر ہے، کرکٹ کیلئے اس کی خدمات کو دیکھ کر دوسروں کو بھی سیکھنا چاہیے۔