جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت، ویسٹ انڈین ٹیم انگلینڈ کیخلاف سیریز میں احتجاج کرے گی یا نہیں؟ کپتان جیسن ہولڈر نے بتا دیا

جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت، ویسٹ انڈین ٹیم انگلینڈ کیخلاف سیریز ...
جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت، ویسٹ انڈین ٹیم انگلینڈ کیخلاف سیریز میں احتجاج کرے گی یا نہیں؟ کپتان جیسن ہولڈر نے بتا دیا

  

مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے کہا ہے کہ امریکی سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ ٹیم کا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق جارج فلائیڈ کی ہلاکت اور ’بلیک لائیوز میٹر‘ کی تحریک کا حصہ بننا ہے یا نہیں، ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے فیصلہ ٹیم پر چھوڑ دیا۔ ویسٹ انڈین کپتان کا کہنا ہے کہ ہمیں تمام نسلوں کیلئے مساوت کی ضرورت ہے، جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے خلاف اگر وہ احتجاج کرتے ہیں تو یہ پوری ٹیم کی منظوری سے ہوگا۔

مانچسٹر میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جیسن ہولڈر نے کہا کہ ساتھی کھلاڑیوں سے مشاورت کے بغیر وہ کوئی بات کرنا نہیں چاہتے، فٹ بال کے کھلاڑی بھی جارج فلائیڈ کو انصاف دلانے کیلئے پہلے ہی آواز بلند کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل امریکی ریاست منی سوٹا میں سابق پولیس افسر ڈارک چوون کے تشدد کے باعث سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ ہلاک ہوگیا تھا جس کے بعد مختلف ممالک احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھے۔

گزشتہ روز جارج فلائیڈ کی آخری رسومات ادا کردی گئی تھیں جس میں اہم شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، جارج فلائیڈ کو ریاست ٹیکساس میں ان کے آبائی شہر کے قریب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔

مزید :

کھیل -