بھارتی کرکٹ ٹیم نے کورونا وائرس کے باعث ایک اور دورہ ملتوی کر دیا، کس ملک نہیں جائیں گے؟
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمگیر وباءکورونا وائرس کے باعث بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کا دورہ سری لنکا ملتوی کر دیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے خط لکھ کر دورے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں بھارتی ٹیم کا دورہ سری لنکا ممکن نہیں ہوگا۔ بھارتی ٹیم نے اس ماہ 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 کیلئے سری لنکا کا دورہ کرنا تھا تاہم ہمیں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے باعث بھارتی ٹیم نے ابھی ٹریننگ کا آغاز بھی نہیں کیا اور وہ کرکٹ سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے اپنی حکومت اور صحت کے حکام کی ہدایات پر عمل کریں گے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم مستقبل میں سری لنکا کے دورے کے حوالے سے اپنے وعدوں پر قائم ہے اور بہتر موقع دیکھ کر سری لنکا کا دورہ کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں دورہ کرنا مناسب نہیں اور یہ کھلاڑیوں کی صحت کیلئے محفوظ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں معاشی، تجارتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہیں جبکہ کئی بڑے میگا ایونٹس بھی ملتوی کردئیے گئے ہیں جن میں ٹوکیو اولمپکس بھی شامل ہے۔ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد بھی خطرے میں ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ اس کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ ماہ ہوگا۔