ٹاک شو میں تھپڑ؟
ٹی وی ٹاک شو میں قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے رکن قادر مندو خیل اور وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کے درمیان سخت الفاظ کے استعمال کے بعد ہاتھا پائی تک نوبت آ گئی اور معاونِ خصوصی نے منتخب رکن اسمبلی کے منہ پر تھپڑ مار دیا۔یہ جو بھی ہوا،اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور یہ ٹاپ ٹرینڈ کی صورت اختیار کر گئی، بعد ازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک ویڈیو انٹرویو میں الزام لگا دیا کہ قادر مندو خیل نے وقفہ کے دوران ان کو، ان کے والد کو برا بھلا کہا اور گالیاں دیں۔ قادر مندو خیل کراچی سے ضمنی انتخاب میں منتخب ہوئے ہیں،سوشل میڈیا پر جو ویڈیو وائرل ہو گئی،وہ خود ایک ثبوت ہے،اس حوالے سے کوئی تبصرہ یا تجزیہ کرنے کی بجائے یہی کہا جا سکتا ہے کہ آج کل سیاست کا جو اسلوب بن گیا ہے یہ اسی کا مظہر ہے۔ قادر مندو خیل رکن قومی اسمبلی اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بہ رتبہ وزیر معاونِ خصوصی اور اس حیثیت سے بہت متحرک ہیں۔ ہم دُعا ہی کر سکتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اہل ِ سیاست کو آداب اور اخلاق کے دائرے میں رہنے کی توفیق دیں، وہ نہ تماشا بنیں اور نہ تماشہ دکھائیں۔