بچوں کے حقوق کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح،شیریں مزاری

 بچوں کے حقوق کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح،شیریں مزاری

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان سے مشقت لینے کی تمام شکلوں کے خاتمے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اعتزاز حسن چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وفاقی سیکرٹری انسانی حقوق انعام اللہ خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بچوں کے حقوق کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور نیا چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ پاکستان میں بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی، تشدد اور استحصال کی روک تھام کے لئے کی جانے والی کوششوں کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ ادارہ سٹریٹ چلڈرن، مشقت کا شکار بچوں، انسانی سمگلنگ،گمشدہ اور لاوارث ہونیوالے بچوں کو تحفظ، رہائش، مشاورت، ان کے خاندان کی تلاش اور ان بچوں کی ہر اعتبار سے بحالی کی خدمات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا وزارت انسانی حقوق کے تحت ایک قومی ہیلپ لائن 1099 بھی قائم کی گئی ہے۔ اس ہیلپ لائن کا مقصد پورے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شکایات کا فوری اندراج اور ازالہ کرنا ہے۔ 

شیریں مزاری

مزید :

صفحہ آخر -