فراڈ کیس، ملزموں کو متاثرین سے سیٹلمنٹ کا آخری موقع
لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج اسدعلی نے چنار باغ ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے فراڈ کیس میں ملوث ملزموں کو متاثرین سے سیٹلمنٹ کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی،عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب تفتیشی افسر کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ملزم طارق شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 جون تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی،دوران سماعت فاضل جج نے ہدایت کی کہ نیب کے تفتیشی افسر پیش ہوکر متاثرین کی سیٹلمنٹ سے متعلق آگاہ کریں، عدالت نے ملزمان کوتنبیہ کی کہ آئندہ سماعت تک سیٹلمنٹ نہ ہونے پر شہادتیں طلب کریں گے، گزشتہ روزنیب پراسیکیوٹر حارث قریشی عدالت میں پیش ہوئے،ملزم طارق شاہ کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا،ملزموں نے عدالت میں بیان دیا کہ متاثرین سے سٹیلمنٹ کرنا چاہتے ہیں عدالت عالیہ نے سیٹلمنٹ کے لئے 45 دن کا وقت دے رکھا ہے آئندہ سماعت تک متاثرین سے سیٹلمنٹ کرلیں گے، نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کوبتایا کہ مجھے ملزمان کی سیٹلمنٹ سے متعلق کچھ علم نہیں، اس کیس میں ملزمان کے خلاف کیس کا ریفرنس دائر کیا جاچکا ہے عدالت کے روبرو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے،نیب کا موقف ہے کہ ملزمان نے متعدد پلاٹوں کی فائلیں فروخت کیں، ملزم طارق پر اربوں روپے کی مالی خوردبرد کا الزام ہے۔
ملزمان نے چنار باغ ہاؤسنگ سوسائٹی میں زمین کے لین دین کے معاملے پر فراڈ کیاہے۔