دو پاکستانی امریکن خواتین صدف جعفر، شمع حیدر پرائمری الیکشن میں کامیاب

دو پاکستانی امریکن خواتین صدف جعفر، شمع حیدر پرائمری الیکشن میں کامیاب

  

نیویارک (ارشد چوہدری سے)ڈیمو کریٹک پارٹی نامزدگی کیلئے شمع حیدر نے نیو جرسی سٹیٹ اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 37 اور صدف جعفر نے ڈسٹرکٹ 16 سے اپنے مخالف پارٹی امیدواروں کو واضح اکثریت سے ہرا کر اپنے اپنے پینل سمیت تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔8 جون کو امریکی ریاست نیو جرسی کے گورنرفل مرفی، سٹیٹ سنٹرز، بعض دیگر ریاستی عہدیداروں، میئرز سمیت سٹیٹ اسمبلی کے 40 ڈسٹرکٹ میں ڈیمو کریٹک اور ریپبلکن پارٹیوں کے پرائمری انتخابات ہو ئے جس میں ڈیموکریٹک پارٹی سے دو پاکستانی امریکن خواتین صدف جعفر اور شمع حیدر بھی واضح اکثریت سے اپنے اپنے پرائمری انتخابات جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے امریکہ میں کوئی بھی انتخاب جیتنے کیلئے پرائمزیز کامیابی کی پہلی سیڑھی ہوتے ہیں۔پارٹی چناؤ جیتنے کے بعد اب صدف جعفر اور شمع حیدر کا مقابلہ رواں سال 2 نومبر کو ری پبلکن پارٹی کے امیدواروں سے عام انتخابات کیلئے ہوگا۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کی جانب سے گورنر کیلئے امیدوار فل مرفی پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ اب ان کا مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے پرائمری انتخاب جیتنے والے جیک سیٹرلی سے نومبر میں ہوگا۔نیو جرسی سٹیٹ اسمبلی کے دونوں اضلاع، ڈسٹرکٹ 16 اور ڈسٹرکٹ 37 میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ووٹروں کی اکثریت ہے اسلئے غالب امکان ہے شمع حیدر اور صدف جعفر 2 نومبر کو بآسانی اپنے انتخابات جیت کر ریاست نیو جرسی میں ایک نئی تاریخ رقم کریں گی۔ واضح رہے قبل ازیں شمع حیدر نیو جرسی کی بورو Tenafly اور اینگل وڈ سٹی سے کونسل ویمن منتخب ہوچکی ہیں جبکہ صدف جعفر نیو جرسی کی سدرن سمر سٹ کاؤنٹی کی مونٹگمری ٹاؤن شپ میں بطور میئر دو ٹرمز کیلئے کام کرچکی ہیں۔ نیو ر جرسی سٹیٹ کے ڈسٹرکٹ 16 سے جیتنے والی صدر جعفر نے جیت کے بعد اپنے پیغام میں کہا ہے مجھے اس بات پر فخر ہے نیو جرسی کے ایل ڈی 16 میں مجھے ڈیمو کریٹک ووٹرز کی حمایت حاصل ہے اور اب وہ نومبر میں ہونیوالے عام انتخابات میں اپنی کامیابی کی منتظر ہیں۔ شمع حیدر نے نیوجرسی کی سٹیٹ اسمبلی کے ڈسٹر کٹ 37 سے اپنی تاریخی کامیابی کے بعد ایک پیغام میں کہا ہم جیت گئے نیوجرسی سٹیٹ کیلئے سنٹر جانسن، وہ (شمع حیدر) اور ایلن پارک کی پارٹی ٹکٹوں کیلئے فتح نے نیو جرسی میں تاریخ رقم کی ہے، مجھ سمیت پورے پینل کی جیت ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ جس میں امیدوار، پارٹی قیادت، رضاکار، انتخابی مہم ٹیم اور سپورٹرزجبکہ سب سے بڑھ کر ہمارے ووٹر شامل ہیں۔

پاکستانی خواتین

مزید :

صفحہ آخر -