بدترین لوڈشیڈنگ حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے،پرویز ملک

بدترین لوڈشیڈنگ حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے،پرویز ملک

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے  بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ تشویشناک اور نااہلی کی انتہاء ہے۔عوام گرمی سے بلک رہے ہیں، سکول کے بچے بے ہوش ہورہے ہیں، یہ صورتحال افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ حکومت ملک بھر سے دہل دہلا دینے والے مناظرپر غور کرے، سیاست، الزام تراشی چھوڑے۔2018 میں سسٹم میں اضافی بجلی موجود تھی، صفر لوڈشیڈنگ تھی۔اگر کام نہیں ہوتا تو گھرچلے جائیں، عوام کو گرمی کی اذیت میں مزید تکلیف نہ دیں۔

عمران نیازی صاحب کے بس کا معاملہ نہیں تو پارلیمان کی کمیٹی بنادی جائے تاکہ عوام کو کچھ تو ریلیف ملے۔پہلے ہی آپ نے روٹی سے لے کر بجلی تک ہر چیز مہنگی،عوام کو بے روزگار کردیا ہے۔آٹا چینی دوائی کے بعد اب عوام بجلی سے بھی محروم ہورہے ہیں۔عمران خان عوام کو لوڈ شیڈنگ والے نئے پاکستان میں لے آئے ہیں۔نواز شریف کی قیادت میں  14000 میگاواٹ اضافی بجلی بنا کر روشن پاکستان بنایا تھا۔عمران خان 14000 میگاواٹ اضافی بجلی اور صفر لوڈ شیڈنگ والا پاکستان بھی نہ چلا سکے۔اللہ کے فضل وکرم سے صرف پنجاب میں 5500 میگاواٹ بجلی بنائی گئی تھی۔9 سال میں خیبرپختونخوا میں 350 ڈیم نہ بن سکے جہاں سے پورے پاکستان کو بجلی سپلائی ہونا تھی۔ایک نیا یونٹ بنانا تو دور کی بات، 3 سال میں پورے پاکستان کی بجلی کی سپلائی بھی بحال نہ رکھ سکے۔ لائن لاسز میں کمی والا پاکستان ملا لیکن یہ حکومت لائن لاسز میں کمی برقرار نہ رکھ سکے۔93 فیصد بجلی کے بل وصول کرنے والا پاکستان ملا، موجودہ حکومت نے اسے 82فیصد پر پہنچا دیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -