بجلی بحران بے قابو، شہروں میں 8دیہات میں 10گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، عوام کا جینا محال

    بجلی بحران بے قابو، شہروں میں 8دیہات میں 10گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ شہروں میں 5 سے 8 جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔ بعض علاقوں میں دورانیہ بارہ گھنٹے سے بھی بڑھ گیا ہے۔لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، راولپنڈی، ملتان سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز سیون، لیاری سنگولین، چاکیواڑہ، رنچھوڑ لائن میں بجلی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔مستثنیٰ علاقوں میں ایک سے تین گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ گلشن معمار، ایف بی ایریا بلاک ٹو، نارتھ ناظم آباد بلاک کے صبح سے بجلی بند ہے۔ شکایت کرنے پر بجلی بندش مقامی فالٹ کا نتیجہ بتائی جا رہی ہے۔صارفین کا کہنا ہے بار بار شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا رہی، ساری رات بغیر بجلی کے جاگتے ہوئے گزری ہے جبکہ عزیز آباد بلاک آٹھ، نیو کراچی، سرجانی ٹاون میں بھی شہریوں کو بجلی بندش کا سامنا ہے۔گورنر سندھ، وزیر توانائی اور اب نیپرا نے بھی نوٹس لیا لیکن کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو اب تک ریلیف نہ مل سکا۔کوئٹہ میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ شہر کے وسطی علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے جبکہ نواحی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام بل بلا اٹھے، شہریوں نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاور ڈویڑن کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسلسل مانیٹرنگ اور ضروری اقدامات کی وجہ سے بجلی کا شارٹ فال بہت کم رہ گیا ہے، جنریشن اب آہستہ آہستہ بڑھ رہی ہے۔جمعرات کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ جمعرات کی صبح 8:30 پر ملک میں بجلی کی صورتحال کے مطابق کل سسٹم کی طلب 22393 میگاواٹ، سسٹم کی کل پیداوار 21800 میگاوٹ اور شارٹ فال 593 میگاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل مانیٹرنگ اور ضروری اقدامات کی وجہ سے شارٹ فال بہت کم رہ گیا ہے۔ تربیلا کا ٹنل 3 بھی فعال ہو گیا ہے جس سے بجلی کی جنریشن اب آہستہ آہستہ بڑھ رہی ہے۔
لوڈ شیڈنگ

مزید :

صفحہ اول -