آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے‘ ارباب فاروق 

  آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے‘ ارباب فاروق 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرے ایسا نہ ہو کہ گزشتہ تین سالوں کی طرح امسال بھی عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے کئے جائیں جس سے غریب عوام مزید مسائل سے دو چار ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے گزشتہ تین سالوں کے دوران تمام تر اقدامات غریب کش ہیں جس پر بھی وزیر اعظم کریڈٹ لیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وبائی صورتحال کے باعث ملک بھر میں کاروباری حضرات مختلف مسائل سے دو چار ہیں حکومت کو چاہئے کہ کورونا لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کے لئے خصوصی ٹیکس فری بجٹ منظور کیا جائے تاکہ تاجر برادری کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کاروباری طبقہ احتجاج پر ہے اگر ملک میں کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم نہیں کیا گیا تو ملکی معیشت تباہ ہو جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے کسی قسم کا پروگرام نہیں ہے جس کے باعث ملک میں مسائل کم ہونے کی بجائے اور بھی بڑھ رہے ہیں جس سے براہ راست غریب عوام متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو وہ عوام کیساتھ سڑکوں پر ہوں گے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -