3لاکھ 13ہزار شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن مکمل، 400سے زائد سینٹرز فعال ہو گئے: تیمور جھگڑا

  3لاکھ 13ہزار شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن مکمل، 400سے زائد سینٹرز فعال ہو گئے: ...

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید 150 کے قریب ویکسینیشن سینٹرز فعال ہوئے ہیں۔ یومیہ 1 لاکھ شہریوں کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا ہے جس کی جانب بتدریج بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ 1 ہفتے کے دوران صوبے میں مزید 150 سینٹرز فعال ہونے سے ان کی تعداد 4 سو سے زائد ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد 1 ہزار تک لے کر جائیں گے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کو ٹاسک حوالے کر دیا گیا۔ اس وقت ڈیرہ اسماعیل خان میں 30، بنوں میں 24، ایبٹ آباد میں 23، پشاور، سوات اور ہری پور میں 20، 20 ویکسینیشن سینٹرز فعال ہیں۔ کئی اضلاع میں مزید ویکسینیشن سینٹرز کے قیام کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں ان کی تعداد دگنی ہو جائے گی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت یومیہ 40 ہزار کے قریب شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر 35 ہزار 448 شہریوں کو کورونا حفاظتی انجکشن لگایا گیا۔ تیمور جھگڑا نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں اب تک 3 لاکھ 13 ہزار سے زائد شہریوں کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ 9 لاکھ 17 ہزار سے زائد شہریوں نے ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے۔ دریں اثناء محکمہ صحت نے این سی او سی کی ہدایات کے مطابق ویکسینیشن سینٹرز رات 10 بجے تک کھلے رکھنے اور جمعہ کی بجائے اتوار کو ویکسینیشن کی چھٹی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ 

مزید :

صفحہ اول -