ترقیاتی منصوبے بلا تعطل اور بروقت مکمل کی جائیں،ڈاکٹر امجد علی

ترقیاتی منصوبے بلا تعطل اور بروقت مکمل کی جائیں،ڈاکٹر امجد علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی کے انتظامی افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ نہ صرف صوبے کی تمام ہاؤسنگ اسکیموں کی تکمیل بغیر تاخیر کے مکمل کروائی جائے بلکہ تمام سکیمیں اپنے اپنے مقررہ ٹائم فریم میں بھی مکمل کروائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہاؤسنگ کا مقصد صوبائی سرکاری ملازمین اور عوام سمیت خاص طور پر بے گھر و غریب لوگوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ حکومت کا عوام سے اس ضمن میں کیے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے جمعرات کے روز ان کے آفس میں محکمے کی پچیسویں اتھارٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ محمدعلی شاہ بطور کمیٹی ممبر، ڈائریکٹر جنرل نادر خان رانا بطور سیکرٹری کمیٹی اور محکمہ ہاؤسنگ کے دیگر انتظامی افسران سمیت محکمہ بلدیات، محکمہ قانون، منصوبہ بندی و ترقی اور محکمہ خزانہ کے نمائندے ا ور کمیٹی ممبران بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر اتھارٹی میٹنگ کے چئیر مین و صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی و دیگر تمام ممبران نے ایجنڈے میں شامل تمام 8 نقاط کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کے چیدہ چیدہ خدوخال کی جانچ پڑتال کے بعد بہتر عوامی مفاد، سہولیات، آسائش، قانونی تقاضوں اور دیگر محکموں کے نمائندگان کی مشاورت سے حسب ضرورت منظوری دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ تمام سکیموں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کسی کی حق تلفی نہ کی جائے تاکہ محکمہ ہاؤسنگ اور پی ایچ اے میں انصاف اور شفافیت کو پروان چڑھایا جاسکے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عوام کو بہتر طرز زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہمارا اولین مقصد ہے اور حصول مقصد کے لیے صوبائی وزراء، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں دن رات محنت کر رہے ہیں، جن کے مثبت اثرات و نتائج صوبے کی معاشی ترقی کا موجب بن رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -