آئی ٹی سیکٹر میں مختلف مجوزہ منصوبوں کیلئے تکنیکی کاؤشیں تیز کی جائیں،عاطف خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر خوراک اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ فارن ڈونر آرگنائزیشنز کے تعاون سے آئی ٹی سیکٹر میں مختلف مجوزہ منصوبوں کیلئے تکنیکی اورمالی معاونت کے حصول کیلئے کاوشیں تیز کی جائیں گی۔تاکہ مذکورہ منصوبوں پر عملی کام کا آغاز جلد از جلد ممکن ہو سکے۔ صوبائی وزیر نے اس سلسلے میں محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کے متعلقہ حکام کو فارن ڈونر ارگنائزیشن سے رابطے تیز کرنے اور مالی معاونت کے حصول کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔یہ ہدایات انہوں نے محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف منصوبوں کی مالی صورت حال کا جائزہ لینے کے سے حوالے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ایس ٹی آئی ٹی عنبر علی،محکمہ منصوبہ بندی اور ترقی کے چیف برائے فارن ایڈ الطاف شیخ اور مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کے سال-22 2021 کی سالانہ ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کر رہی ہے تاکہ صوبائی خزانہ سمیت دیگر مختلف فارن ڈونرز کی مالی وتکنیکی معاونت حاصل کی جا سکے اور آئی ٹی سیکٹر سے متعلقہ کئی منصوبے جیسے سپیشل ٹیکنالوجی زون مردان،ڈیجیٹل ایکانومی اینڈ سکلز سنٹر شنکر مردان،صوبے کے تمام اضلاع میں سٹی فیسیلیٹیشن سنٹر،گندھارہ ڈیجیٹل سٹی پشاور،پاکستان ڈیجیٹل سٹی ھری پور،ایبٹ آباد آئی ٹی پارک اور دیگر منصوبوں کا قیام ممکن ہوسکے اور نوجوانوں سمیت مقامی آبادی مستفید اور صوبائی معیشت ترقی کرسکیں۔ وزیر سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ تمام شعبوں میں جدیدیت اور اصلاحات لانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے تمام شعبوں میں اصلاحات لانے کا سلسلہ جاری ہے جسے مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت لانے کے لئے ڈیجٹلائزیشن ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت ڈیجٹلائزیشن کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جاسکے اور صوبہ بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔