بجٹ میں لاہور کیلئے بڑا ترقیاتی پیکیج لانے کا فیصلہ، 1 کھرب 67ارب روپے  سے زائد کے منصوبے تجویز

بجٹ میں لاہور کیلئے بڑا ترقیاتی پیکیج لانے کا فیصلہ، 1 کھرب 67ارب روپے  سے ...
بجٹ میں لاہور کیلئے بڑا ترقیاتی پیکیج لانے کا فیصلہ، 1 کھرب 67ارب روپے  سے زائد کے منصوبے تجویز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جاوید اقبال سے) آئندہ مالی سال میں نو منتخب پنجاب حکومت نے شہر لاہور کو بڑا ترقیاتی پیکیج دینے کا فیصلہ کر لیا، ایل ڈی اے نے 1 کھرب 67 ارب روپے کے نئے 24 منصوبے تجویز کر دیئے، شاہدرہ موڑ،ایلی ویٹیڈ ایکسپریس،داتا نگر پل کی بحالی سمیت دیگر منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق شہر لاہور میں 24 نئے منصوبے اور 23 جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کا پلان بنا لیا گیا، ایل ڈی اے نے ایک کھرب 67 ارب 66 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ تجویزکر دیا، اتھارٹی نے آئندہ مالی سال میں 89 ارب 17 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈزکی استدعا کر دی، آئندہ مالی سال میں شاہدرہ موڑ، برکی روڈ کی توسیع اور بھیکے وال موڑ فلائی اوور کی تجویزدی گئی ہے۔ایل ڈی اے کی جانب سے برکت مارکیٹ فلائی اوورو، انڈر پاس، بند روڈ توسیع، سٹرکچرل پلان روڈ کا منصوبہ پروپوز کیا گیا ہے،داتا نگر پل کی بحالی، نواز شریف انٹر چینج پر انڈر پاس اور اکبر چوک پر انڈر پاس بنانے کی تجویز بھی دی ہے، میں سمن آباد میں کرکٹ سٹیڈیم، ایلی ویٹیڈ ایکسپریس جی ٹی روڈ، کینال روڈ توسیعی کے منصوبے بھی بجٹ میں شامل ہیں۔کریم بلاک فلائی اوور اور انڈر پاس کے لئے 2 ارب 90 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں، شیرانوالہ فلائی اوور کو مکمل کرنے کے لئے 25 کروڑ روپے کی سفارش کی گئی ہے، گلاب دیوی انڈرپاس کو مکمل کرنے کے لئے 34 کروڑ روپے تجویزکر دیئے گئے ہیں۔مین برکی روڈ کی اپ گریڈیشن کیلئے 14 کروڑ، بابو صابو انٹر چینج کی بحالی کے لئے5کروڑ روپے، سنٹر پوائنٹ گلبرگ سگنل فری کوریڈور کے لئے 2 ارب 99کروڑ، خیرا ڈسٹری بیوٹری کو ڈیول کیرج بنانے کے لئے 20 کروڑروپے رکھنے کی سفارش کی گئی۔سگیاں روڈ بحالی منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے 1 ارب 46 کروڑ روپے تجویز کر دیئے گئے، سمن آباد انڈر پاس کے لئے ایک ارب 31 کروڑ کے فنڈز رکھنے کی سفارش، بجٹ میں 52 ارب روپے کے ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے منصوبہ کوبھی تجویز کر دیا گیا۔ایل ڈی اے نے نئے ترقیاتی منصوبوں پرمبنی رپورٹ پنجاب حکومت کو ارسال کرتے ہوئے صوبائی بجٹ میں شامل کرنے کی استدعا کر دی۔