غزہ میں جنگ بندی، سلامتی کونسل نے امریکی تجاویز کی حمایت میں قرار داد منظور کر لی 

  غزہ میں جنگ بندی، سلامتی کونسل نے امریکی تجاویز کی حمایت میں قرار داد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                     نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے امریکی تجاویز کی حمایت میں قرارداد منظور کرلی۔سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری میں 14  ووٹ آئے جبکہ ایک رکن نے ووٹ نہیں دیا۔جنگ بندی کی اس تجویز کا مسودہ امریکی صدر جو بائیڈن نے منظور کیا تھا۔ سلامتی کونسل میں ووٹنگ کے دوران روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ منظوری سے پہلے امریکا اور سلامتی کونسل کے رکن ملکوں کے درمیان قرارداد کے مسودے پر 6 روز تک بات چیت ہوئی جس کے بعد امریکہ نے قرارداد کو حتمی شکل دی۔ قرارداد کے مطابق اسرائیل نے یہ تجویز منظور کر لی ہے۔ قرارداد میں حماس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھی یہ قرارداد منظور کر لے اور دونوں فریق بغیر کسی تاخیر کے قرارداد پر عمل کریں۔ قرارداد کے مطابق دونوں متحارب فریق بات چیت کریں گے اور اس دوران جنگ بندی جاری رہے گی۔یاد رہے سلامتی کونسل نے مارچ میں بھی غزہ میں فوری جنگ بندی اور حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مبصر صالح عبدالشافی نے غزہ پر اسرائیلی فورسز کی جا نب سے برسائے گئے بموں میں ڈیپلیٹڈ یورینئم استعمال ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی جاری  ہے، جنگ عظیم دوم میں استعمال بارود سے زیادہ غزہ پربرسایا گیا۔واضح رہے کچھ ماہ قبل اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے فلسطین فرانسسکا البانیز نے انکشاف کیاتھا اسرائیل غزہ کو تباہ کرنے کیلئے 2 جوہری بموں کے برابر 25 ہزار ٹن بارود استعمال کرچکا ہے۔غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ 84 ہزار 494 فلسطینی زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

قرارداد منظور

مزید :

صفحہ اول -