حکومت سبز انقلاب لانے کیلئے حکمت عملی پر کام کر رہی ہے: مشاہداللہ خان

حکومت سبز انقلاب لانے کیلئے حکمت عملی پر کام کر رہی ہے: مشاہداللہ خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) کوئی بھی ملک صحت افزا ماحول کو فروغ دیئے بغیر بہتر ترقی حاصل نہیں کر سکتا اور حکومت ملک میں سبز انقلاب لانے کیلئے جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے تا کہ پاکستان میں صاف ستھرا اور عوام دوست ماحول قائم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے کلائی میٹ چینج جناب مشاہد اللہ خان نے آئی ٹن انڈسٹریل ایریا اسلام آباد میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت زندگی کی علامت ہیں اور شجر کاری کو فروغ دے کر ملک میں آلودہ ماحول کے مسائل سے بہتر طور پرنمٹا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت اور جنگلات درحقیقت آکسیجن پیدا کرنے والی فیکٹریاں ہیں لہذا ہم میں سے ہر ایک کیلئے یہ لازمی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے تا کہ ملک میں کاربن ڈائی آسائیڈ کے بڑھتے ہوئے مسائل کو حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہماری گلیاں، پارک، کھیلوں کے میدان، صحن اور دیگر مقامات پر درختوں کی کی قطاریں ہونی چاہیں کیونکہ درخت ماحول کی خوبصورتی کو چار چاند لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سبز انقلات لانے کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ماحول کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور بدلتے ہوئے ماحول کے مسائل کو حل کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ سی ڈی اے آئی نائن اور آئی ٹن انڈسٹریل ایریاز میں 15ہزار پورے لگائے گی تاکہ صنعتی علاقوں کے ماحول کو بہتر سے بہتر اور صحت افزا بنایا جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ حکومت نے I-10 انڈسٹریل ایریا سے شجرکاری مہم کا آغاز کر کے ایک مثبت اقدام لیا ہے کیونکہ اس سے صنعتی علاقوں کا ماحول بہتر ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا سنت رسول ہے لہذا ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم میں سے ہر ایک انفرادی اور اجتماعی سطح پر ملک میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی کوشش کرے کیونکہ ہمارے ملک میں جتنے زیادہ درخت ہوں گے اتنا ہی ماحول صحت افزا اور اچھا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق کسی ملک کے ماحول کو اچھا رکھنے کیلئے اس ملک کے کل آباد رقبے کا کم از کم 25فیصد حصہ زیر جنگلات ہونا چاہیے لیکن ہمارے ملک کا تقریبا صرف 5فیصد حصہ زیر جنگلات ہے اس لئے وقت کی یہ اشد ضرورت ہے کہ ہم سب اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کہ شرکت کر یں اور پورے ملک میں شجرکاری کی حوصلہ افزائی کر یں تا کہ پاکستان کو ماحول کے لحاظ سے دنیا کا ایک بہترین ملک بنا یا جا سکے۔ انہوں نے کہا میٹرو بس حکام ان تمام مقامات کا سبزہ بحال کرنے کی کوشش کریں جو میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سڑکوں اور فٹ پاتھ کے نزدیک یا دیگر مقامات پر جتنی بھی کچی جگہیں ہیں وہاں درخت اور گھاس لگا کر ان جگہوں کو گرین بنا یا جائے تا کہ وفاقی دارالحکومت کو صاف ستھرے ماحول کے لحاظ سے دنیا کا بہترین شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تاجر برادری حکومت کی ان تمام کاوشوں میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی جو وفاقی دارالحکومت کو ملک کا صاف ستھرا اور ماحول دوست شہر بنانے کیلئے کی جائیں گی ۔

مزید :

کامرس -