کراچی چیمبرمیں آج بلڈ کیمپ لگایاجائے گا‘ عطیات دینے کی اپیل
کراچی(کامرس ڈیسک )کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی ) میں افضال میموریل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بلڈ ڈونیشن کیمپ مجید باوانی آڈیٹوریم میںآج بدھ11مارچ2015کو صبح 10بجے سے شام4بجے تک لگایا جائے گا۔کراچی چیمبر آف کامرس کے صدرافتخار احمد وہرہ نے کے سی سی آئی کے تمام ممبران سے درخواست کی ہے کہ وہ افضال میموریل تھلیسیمیا فاؤنڈیشن کے نیک مقاصد میں اپنا بھرپور تعاون پیش کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دیں تاکہ دکھی انسانیت کی بلا تفریق خدمت کی جاسکے۔کے سی سی آئی کے صدر نے اے ایم ٹی ایف کی مختلف طبی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہاکہ غریب اور نادار تھیلیسیمیاکے مریضوں کو بلا معاوضہ علاج و معالجے کی سہولت کی فراہمی انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے۔انہوں نے کہاکہ فیڈرل بی ایریا میں واقع اسٹیٹ آآف دی آرٹ افضال میموریل تھیلیسیمیافاؤنڈیشن میں مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی بہتر کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ انھوں نے اے ایم ٹی ایف کوکراچی چیمبرآف کامرس کی جانب سے مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوے کہا کہ یہ پاکستان کا وہ پہلا ادارہ ہے جہاں تھیلیسمیا کے مریضوں کے لیے تمام طبی سہولیات سے مزین انتہائی طبی نگہداشت یونٹ بھی قائم ہے جہاں میڈیکل ڈائیگنونسٹک وکلینیکل سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ افضال میموریل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن نے نومبر 2003میں انتہائی کم وسائل سے اپنی خدمات کا آغاز کیا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زندگی کے مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات کے تعاون سے تھیلیسیمیا سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا جوتھیلیسیما کے مریضوں کو جدیدطبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے۔اے ایم ٹی ایف میں تمام مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں خاص بات یہ ہے کہ تھیلیسیمیا کے مریض ہی اے ایم ٹی ایف کے مہمان ہیں۔اس منصوبے کوخون کی مختلف بیماریوں میں مبتلامریضوں کے والدین سے منسوب کیا گیاہے کیونکہ اے ایم ٹی ایف کا یہ ماننا ہے کہ وہی اس کی اصل ڈرائیونگ فورس ہیں۔