ٹیسڈک نے اپنے ہنرمندوں کو عالمی خریداروں کے سامنے پیش کیا
لاہور(کامرس رپورٹر)ٹیکنالوجی اپگریڈیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کمپنی (ٹسڈک)اور یورپی یونین کی غیر سرکاری تنظیم ایکٹڈ نے اپنے تربیت یافتہ ہنرمندوں کی مصنوعات کو نوویں ایکسپو پاکستان میں مقامی اور بین الاقوامی خریداروں کے سامنے پیش کیا۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی اس چار روزہ نمائش میں ٹسڈک نے ’’میڈ این پاکستان‘‘ کے ٹیگ کے ساتھ جیک آباد، کشمور اور شکار پور سے تعلق رکھنے والے ٹرینیز کی ہاتھ سے بنی مختلف مصنوعات کو نمائش کے لئے پیش کیا۔ نمائش میں ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کے طالب علموں کی دستی و مشینی کڑھائی کے نمونے اور ملبوسات مقامی و بین الاقوامی خریداروں خصوصاً خواتین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ٹ سڈک ترجمان کے مطابق ان طالب عملوں کی مصنوعات کو ایکسپو پاکستان میں نمائش کرنے کا بنیادی مقصد ان کا مارکیٹ کے ساتھ رابطہ بڑھانا تھا۔ ٹسڈک کو اس منصوبے کے لئے ایکٹڈ اور پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک کا تعاون حاصل ہے۔ ترجمان نے مطابق ایکسپو پاکستان میں ان ہنرمندوں کی مصنوعات کو پیش کرنا ایک کامیاب تجربہ ثابت ہوا ہے، کیونکہ اس نمائش کے زریعے ان نوجوانوں کے ہنر کو احسن طریقے سے برطانیہ، بنگلہ دیش، بھارت، ملائشیا، برازیل اور دیگر ممالک کے خریداروں کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملا ہے، جس سے ان نوجوانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔