دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ’’منطقی اور اطلاقی ریاضی‘‘کی اختتامی تقریب
لاہور ( جنرل رپورٹر) ملایشیاء کی یونیورسٹی آف اُتراء کی ماہر ریاضی ڈاکٹر مسنیتا بنتی مسیران نے کہا کہ جدید ریاضیات میں مکمل دسترس کے بغیر سائنسی میدان میں ترقی ممکن نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ ریاضی یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان ’’منطقی اور اطلاقی ریاضی‘‘کی اختتامی تقریب سے کیاکانفرنس میں ملکی وعالمی سطح کے ماہر ریاضی دان اورنامور اساتذہ اور محققین نے شرکت کی ۔مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا شعبہ ریاضیات جدید ترین ریاضی کی مختلف شاخوں میں تحقیق کر رہا ہے یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہونے والی تمام تحقیقی اور سائنسی ترقی عالمی معیار کی ہے اور اس جامعہ نے جس طرح کم عرصہ میں ترقی کی ہے وہ قابلِ فخر ہے ۔ اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہورالحسن ڈوگر نے کہا کہ علمی ریاضی تمام علوم کی ماں ہے اور دورِحاضر میں اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ریاضی کے بغیر سائنس میں ترقی کرنا اور عبور حاصل کرنا ناگزیر ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر ظہورالحسن ڈوگر نے مزید کہا کہ موجودہ دور جدت اور ٹیکنالوجی کا دور ہے جس میں آگاہی اور بہتری کے لئے ہمیں ہمہ وقت ریاضی جیسے علوم کی ضرورت رہتی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدا کرم چوہدری کی ہدایت پر تمام شعبہ جات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور ان کے زیر اہتمام عالمی اور قومی سطح کے سیمینار اور کانفرنس کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر عزیزین بن سابن نے کہا کہ اطلاقی ریاضی میں عالمی سطح پر بھرپور ترقی ہو رہی ہے اور یونیورسٹی آف اتراء ملایشیاء اطلاقی ریاضی کے شعبے میںیونیورسٹی آف سرگودھا کے ساتھ مل کر مزید پراجیکٹ شروع کرے گی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ سلطانہ نے کانفرنس کے اغراض ومقاصد اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر میں ہر علم کا دوسرے علم کے ساتھ گہرا اور مضبوط تعلق بنتا جا رہا ہے انہی امور کومدنظر رکھتے ہوئے جامعہ سرگودھا نے منطقی اور اطلاقی ریاضی پر دو روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا ہے جس سے شعبہ میں نہ صرف نئے دور کا آغاز ہو گا بلکہ اس کے دو رس نتائج بھی سامنے آئیں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ عالمی سطح کی کانفرنس کا انعقاد ایک انتہائی مشکل مرحلہ تھا تاہم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری کے خصوصی تعاون اور حوصلہ افزائی سے یہ کانفرنس انتہائی کامیاب رہی ۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد سلیم ،ڈاکٹر قمر دین ،ڈاکٹر زوہیب زاہد،ڈاکٹر محمد عمران اسجد،ڈاکٹر طورو نخارہ ،ڈاکٹر سلیم اصغر ،ڈاکٹر رفاقت،ڈاکٹر تصور حیات اور ڈاکٹر سعدیہ ستار نے بھی خطاب کیا