غلط انجکشن سے ہلاکت، کیس کی سماعت آج ہو گی
لاہور(نامہ نگار)غلط انجکشن لگنے سے جوہرٹاون کے رہائشی شرجیل احمد کی ہلاکت کے مقدمہ میں ملوث خاتون سمیت 2ڈاکٹرزکی جانب سے دائر درخواست ضمانت کے کیس کی سماعت ہوگی پچھلی تاریخ سماعت پر شرجیل احمد کے رشتہ داروں نے کتبے اٹھاکر نجی ہسپتال کے ڈاکٹرز کی ضمانتیں خارج کرانے کیلئے سیشن کورٹ کے باہر خاموش احتجاج بھی کیاتھاجس پرایڈیشنل سیشن جج منیر احمد نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے تھانہ جوہرٹاون پولیس سے مقدمہ کاریکارڈ طلب کررکھا ہے۔مذکورہ ملزمان دونوں ڈاکٹرز نے پچھلی سماعت پر عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی تھی جس کی اطلاع ملنے پر مقتول کے ورثا ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے سیشن سیشن عدالت پہنچ گئے تھے۔ عدالت میں متاثرہ خاندان کی جانب سے اپنے وکیل کی وساطت سے موقف اختیار کیا گیاتھا کہ مذکورہ ڈاکٹرز نے ٹیٹنس کا غلط انجکشن لگا کر مبینہ طور پر شرجیل کو ہلاک کیا ہے لیکن تھانہ جوہر ٹاؤن پولیس انہیں گرفتار نہیں کررہی ہے ،عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کی ضمانتیں خارج کی جائیں جس پر عدالت نے سماعت آج11مارچ تک ملتوی کردی تھی ۔استغاثہ کے مطابق جوہرٹاؤن میں واقع نجی ہسپتال کے ڈاکٹر ظفراقبال اور ڈاکٹر اقصیٰ کے خلاف مبینہ طور پر شرجیل کو غلط انجکشن لگاکر شرجیل احمد نامی شخص کی ہلاکت پر تھانہ جوہرٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے ۔