حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے،کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ،شہباز شریف
لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی تیز رفتار ترقی کیلئے توانائی بحران ،دہشت گردی،انتہا پسندی اورفرقہ واریت جیسے مسائل پر قابو پانا ناگزیر ہے ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران کے خاتمے اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے موثر اقدامات کررہی ہے ،جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسوں کے باعث ملک میں تجارتی، اقتصادی اورصنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کو معیار، شفافیت اور برق رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ محنت اور جہد مسلسل سے خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل کے حصول کا خواب جلد پورا ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے ساتھ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔پنجاب حکومت نے صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ صوبے میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے صوبائی ہائیرایجوکیشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں ۔پنجاب کے پسماندہ اضلاع خصوصاً جنوبی پنجاب میں دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں جہاں کم وسیلہ طبقات کے بچوں کو ایچیسن کالج سے بہترتعلیمی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اسی طرح پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے کم وسیلہ مگر ہونہار بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کئے گئے ہیں اورپنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کامجموعی حجم 12ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جس کی آمدن سے65ہزار سے زائد ذہین اورضرورت مند طلبا و طالبات کو اعلی تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم کیلئے وظائف فراہم کیے جارہے ہیں۔ صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیم کی طرح صحت کا شعبہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صحت کے شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے شعبہ صحت میں اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔ مدر اینڈ چائلڈ کئیر پروگرام کے ذریعے زچہ بچہ کی صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اساتذہ کے تربیتی پروگرام کی طرز پر ہیلتھ ورکرز کو بھی جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔موبائل ہیلتھ یونٹس پراجیکٹ انتہائی کامیاب رہا ہے اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں برادر ملک ترکی کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ طیب اردگان ہسپتال میں نہ صرف علاقے بلکہ دور درازعلاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین اور جدید طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے اور تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت اور برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل میں معیار کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔شفافیت ،معیار اورتیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرۂ امتیاز ہے ،حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے ،کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے فلاح عامہ کے منصوبوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام ان فلاحی اقدامات سے بھر پور مستفید ہورہے ہیں ۔