ڈیتھ وارنٹ معطل ،لاہورہائیکورٹ نے قیدی کو آج پھانسی پر عمل درآمد روک دیا
لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہورہائیکورٹ نے انسدادہشت گردی کی عدالت سے جاری ڈیتھ وارنٹ معطل کرتے ہوئے سزائے موت کے قیدی کو آج 11مارچ کو دی جانے والی پھانسی پر تاحکم ثانی عمل درآمد روک دیا ہے ۔مسٹر جسٹس سید مظاہرعلی اکبرنقوی اور مسٹر جسٹس سید شہباز رضوی پر مشتمل دورکنی بنچ نے سزائے موت کے قیدی قیصر عرف بلا کی پھانسی پر عمل درآمد رکوانے کے لئے دائردرخواست پر سماعت شروع کی تو سزائے موت کے قیدی کی جانب سے محمد اعظم چوہان ایڈوکیٹ نے موقف اختیارکیا کہ تھانہ غلام آباد ضلع فیصل آباد نے محمد شفیق کے قتل کے الزام میں مقدمہ درج کیا اور انسدادہشت گردی کی عدالت فیصل آباد نے قیصر عرف بلا کو سزائے موت کا حکم سنایا۔ سزاکے خلاف سپریم کورٹ اورصدرپاکستان تک دائراپیلیں خارج ہو چکی ہیں جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے۔ مجرم کوآج11مارچ کو سنٹرل جیل فیصل آباد میں پھانسی دینے کے لیے تاریخ مقر ر کردی گئی ہے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مجرم اورمقتول کے ورثاء4 میں راضی نامہ ہوگیا ہے، انسدادہشت گردی کورٹ نے قتل کے جرم میں راضی نامہ منظورکرلیا جبکہ دہشت گردی دفعات میں راضی نامہ کی درخواست مسترد کردی۔ انسدادہشت گردی کورٹ کی جانب سے راضی نامہ مسترد کرنے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کررکھی ہے جس کا ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے ،مقتول کے ورثاء سے راضی نامہ کی بنیاد پر دائر اپیل کے حتمی فیصلے تک مجرم کی پھانسی پر عملدرآمد روکنے کا حکم دیا جائے، عدالت میں اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب ستارساحل نے کہا کہ عدالت کے پاس اس درخواست کو سننے کا اختیارنہیں ہے۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعدانسدادہشت گردی کی عدالت سے جاری ڈیتھ وارنٹ معطل کرتے ہوئے قیدی قیصرعرف بلا کو آج 10مارچ کے روز فیصل آباد میں دی جانے والی پھانسی پر تاحکم ثانی عمل درآمد روک دیا۔اس کیس کی مزید سماعت 16مارچ کو ہوگی ۔ ڈیتھ وارنٹ معطل