لاہور

لاہور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خراب موسم، لاہوریوں کو مات نہ دے سکا ۔ میلے منعقد ہوئے
ہارس اینڈ کیٹل شو فورٹریس سٹیڈیم، جشن بہاراں جیلانی پارک میں
بارش کے باوجود شہریوں نے بھرپور شرکت کی، لطف اٹھایا
خواتین کا عالمی دن بھی جوش و خروش سے منایا گیا، ریلیاں اور تقریبات، وزیرِاعلیٰ نے اہم اعلانات کئے
جماعت اسلامی کے شعبہ خواتین نے خدیۃالکبریٰ ؑ کانفرنس کے عنوان سے دن منایا، امیر جماعت سراج الحق مہمانِ خصوصی تھے

سیاسی ایڈیشن +لاہور کی ڈائری
لاہور سے چودھری خادم حسین
لاہور کے موسم نے ملک بھر میں ہونے والی بارش اور پہاڑی علاقوں کی برف باری کا پورا پورا اثر لیا۔ یہاں بھی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کا سماں پیدا کیا اورگرم کپڑے بدستور رہے، تاہم لاہوریوں نے اس موسم کو شکست دے دی کہ لاہور میں ہونے والی دو اہم تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔ فورٹریس سٹیڈیم لاہور کینٹ میں روائتی میلہ اسپاں اور مویشیاں (ہارس اینڈ کیٹل شو) سجایا گیا یہ مبلہ بہت بھر پور اور پرجوش روائیت کاحامل ہے اور ماضی میں اس میں شرکت کے لئے پاس حاصل کرنے والوں کی تعداد ضرورت سے زیادہ ہوتی۔ شہری بچوں سمیت تین روز تک آتے تھے۔ اس میں تسلسل آگیا تھا تاہم اس سال حکام نے منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا اور پھر پنجاب حکومت کے ساتھ معاملات طے ہونے کے بعد یہ سہ روزہ میلہ شروع ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے۔
میلے کی تقریبات کو بارش نے متاثر ضرور کیا لیکن منتظمین اور شہریوں نے اس کو مات دی اور شرکت کی جبکہ میلہ اور اس میں ہونے والے کھیل اور کرتب بھی ملتوی نہ کئے گئے یوں یہ تینوں دن جاری رہا اور اتوار کی شام خوبصورت اختتامی تقریب ہوئی۔ روائت کے مطابق ملک کی اہم ترین شخصیات مدعو تھیں۔ سندھ کے وزیراعلٰی سید قائم علی شاہ قائمقام گورنر رانا محمد اقبال، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور پنجاب اسمبلی کے قائمقام سپیکرگورچانی نے بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
میلے کی تقریبات کا آغاز روائتی شان سے ہوا۔ آتشبازی کے مظاہرے کے علاوہ فوج کے سپیشل گروپ نے چھاتہ برداری کا مظاہرہ کرکے داد لی۔ بچوں نے مختلف کھیل دکھائے۔ میلے میں چاروں صوبوں کی ثقافت کے رنگ کو برقرار رکھا گیا۔ روائتی ڈانس ہوئے تو تیار فلوٹ بھی گذارے گئے۔
دوسری تقریب روائتی جشن بہاراں کی تھی جو قذافی سٹیڈیم اورجیلانی پارک (ریس کورس پارک) میں بیک وقت ہوئی۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیل ہوئے جبکہ جیلانی پارک کو پھولوں سے سجایا گیا۔ بچوں کے لئے کھیلوں اور گیموں کا اہتمام ہوا تو کھانے پینے کے سٹال بھی لگائے گئے۔ جیلانی پارک شو اب بھی جاری ہے۔ موسم کی سختی بھی اپنی جگہ تھی۔ شہر میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہوئی اور بوندا باندی بھی ہوتی رہی۔ مغربی ہواؤں سے ٹھنڈک بھی بڑھی لیکن لاہوریوں نے اس موسم سے خائف ہونے کی بجائے لطف اٹھایا۔ میلوں میں رونق رہی تو شہر میں پکوان بھی جاری رہے۔ مچھلی والوں کی موج تھی کہ کباب تکوں کے ساتھ مچھلی کی فروخت عروج پر رہی۔
ان تقریبات کے لئے سیکورٹی کے بڑے سخت اقدامات کئے گئے۔ رینجرز اور فوج نے فورٹریس سٹیڈیم کا انتظام سنبھالا تو قذافی سٹیڈیم اور جیلانی پارک کے لئے ضلعی انتظامیہ نے ذمہ داری پوری کی۔ پارکنگ کے لئے بھی خصوصی انتظام تھے اور تقریبات والے مقامات کے قرب و جوار کے علاوہ ذرا دور بھی کئے گئے تھے اس سے شہریوں کو کچھ پریشانی ضرور ہوئی۔ بہرحال میلے بخیروخوبی اختتام پذیر ہوئے اور شہر سے خوف کے تاثر کو زائل کرنے میں مدد ملی۔
اسی ہفتے خواتین کا عالمی دن بھی منایا گیا۔ یہ دن اس بار زیادہ جوش و خروش سے ہوا۔ قریباً تمام جماعتوں اور این۔جی۔اوز نے اپنا اپنا حصہ ڈالا۔ ریلیاں منعقد کی گئیں۔ سیمینار اور تقریبات ہوئیں۔ جن میں خواتین سے حقوق کی بات کی گئی۔ حکومتِ پنجاب کی طرف سے ایوان اقبال میں ایک بڑی تقریب ہوئی۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت اور خطاب کیا۔ طالبات نے قومی ترانے پڑھے اور مقررین نے خواتین کے حقوق کی بات کی اور پاکستان میں خواتین کو درپیش معاشرتی مشکلات کو اُجاگر کیا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے ذرا طویل تقریر تو کی لیکن خواتین کے لئے بعض خصوصی اقدامات اور مراعات کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے خواتین کے قومی امور میں حصہ لینے کی حمایت کی اور کہا کہ ان کو سرکاری محکموں میں ملازمتیں بھی ملنا چاہئیں۔ وزیرِاعلیٰ نے اعلان کیا کہ بھرتی اور اہم امور کی انجام دہی کے لئے جو بھی بورڈ بنیں گے ان میں 33 فیصد نمائندگی خواتین کے لئے مختص ہوگی جبکہ خواتین کی بہبود کے لئے دوسرے اہم اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خواتین پرتشدد کے حوالے سے قانون منظور کیا گیاہے۔ اس مقصد کے لئے کرائسس سنٹر بنائے جارہے ہیں۔ پہلا مرکز ملتان میں کام شروع کرنے والا ہے۔ اس مرکز کا تمام تر انتظام خواتین کے پاس ہوگا۔ یہاں ایک ہی چھت کے نیچے شکایات کے انداراج فرانزک ٹیسٹ اور دیگر جانچ پڑتال کی سہولت مہیا کی جائے گی۔
جماعت اسلامی نے یہ دن شعبہ خواتین کے زیرِاہتمام یوم خدیجۃ الکبریٰ ؑ کانفرنس کے عنوان سے منصورہ میں تقریب منعقد کرکے منایا۔ خواتین کی بہت بھاری تعداد نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی سراج الحق تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں خواتین کے ماں، بہن اور بیوی کے مراتب کے حوالے سے بات کی اور کہا یہاں خاتون خانہ کو شمع محفل بنادیا گیا ہے۔ خواتین کو اسلامی اقدار اور تہذیب کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید :

ایڈیشن 2 -