ایپل کی سمارٹ واچ، درجنوں منفرد اور مفید خوبیوں سے مزین،قیمت34 ہزار پاکستانی روپے
سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) ایپل کی سمارٹ واچ کاشمار ٹیکنالوجی کے ان شاہکاروں میں کیا جاسکتا ہے کہ جن کا مداحوں نے رونمائی سے بہت پہلے سے انتظار شروع کردیا اور جسے دیکھنے کے لئے پوری دنیا بے تاب رہی مگر اب یہ انتظار ختم ہوچکا ہے اور یہ شاہکار آج مداحوں کے سامنے آرہا ہے۔اس جدید سمارٹ واچ کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ یہ مختلف قسم کی ایپلی کیشنز چلانے کے علاوہ کافی خریدنے، گاڑی کا دروازہ کھولنے اور صارف کی صحت سے متعلق قیمتی معلومات فراہم کرنے کی صلاحیتوں سے بھی لیس ہوگی۔ ایپل کا دعویٰ ہے کہ ان کی سمارٹ واچ سام سنگ، ایل جی اور سونی جیسی کمپنیوں کی مصنوعات کو پیچھے چھوڑ دے گی۔ اس سمارٹ واچ کا امتیازی وصف یہ بتایا جارہا ہے کہ اسے مختلف قسم کے ٹیکنالوجی آلات کے ساتھ کنیکٹ کیا جاسکتا ہے اور نہ صرف اس پر موجود ایپس بہت مفید ہیں بلکہ یہ دیگر الیکٹرونک آلات کے ساتھ رابطے اور انہیں کنٹرول کرنے کے لئے بھی استعمال ہوسکے گی۔ اس میں رقم کی ادائیگی کے لئے ایپل پے ٹیکنالوجی بھی فراہم کردی گئی ہے جسے استعمال کرتے ہوئے بڑے بڑے شاپنگ سینٹرز اور ایئرپورٹوں وغیرہ پر ادائیگی کی جاسکے گی۔سمارٹ واچ کو آئی فون کے ساتھ بلیوٹوتھ لنک کے زریعے کنیکٹ کیا جائے گا اوریہ نقشہ اور سمتیں بھی فراہم کرے گی، جبکہ غلط سمت اختیار کرنے پر وائبریٹ کرکے صارف کو خبردار بھی کرے گی۔ درجنوں منفرد اور مفید خوبیوں سے مزیئن یہ سمارٹ واچ 220 برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 34 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کے لئے پیش کی جا رہی ہے۔