ایرا ن کا جوہری پروگرام ، حکومت نے اپنی عوام کو خاموش پیغام دیدیا
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی حکومت نے کرنسی نوٹوں پر موجود ’جوہری پروگرام کا لوگو‘ مٹاناشروع کردیا ہے اور مرکزی بنک کی جانب سے 50 ہزار ایرانی ریال کی مالیت کے کرنسی نوٹوں سے جوہری پروگرام کا لوگو ہٹا کر اس کی جگہ جامعہ تہران کی تصویر لگائی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس اقدام کا مقصد عالمی برادری اور تہران کے درمیان جوہری تنازع پر ممکنہ ڈیل کی نشاندہی ہے اور حکومت عالمی رائے عامہ کو تہران پر عائد اقتصادی پابندیاں اٹھانے پر قائل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
حال ہی میں ایران کے مرکزی بنک کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں کچھ ترامیم کی گئی ہیں جس کے بعد انہیں مارکیٹ میں دے دیا جائے گا، جوہری پروگرام کے لوگو کے بغیر تیار کردہ نوٹوں کے ساتھ بھی ایسے ہی لین دین کیا جائے گا جس طرح دیگر کرنسی نوٹوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ملک کے بنیاد پرست حلقوں کی جانب سے کرنسی نوٹوں سے جوہری پروگرام کا لوگو ختم کرنے پر حکومت کو کڑی تنقید کا سامنا ہے اور قومی سلامتی اور خارجہ کمیٹی کے رکن اور پارلیمنٹ کے ممبر علاﺅ الدین بروجردی نے کہا ہے کہ سرکاری کرنسی نوٹوں سے جوہری پروگرام کا لوگو ختم کرنا ایرانی شہداءکے خون سے غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے مرکزی بنک سے مطالبہ کیا کہ وہ جوہری پروگرام کے لوگو کے بغیر کرنسی نوٹ جاری نہ کرے۔