کیا آپ ایپل کے درست ’لوگو‘ کی نشاندہی کرسکتے ہیں
سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) بین الاقوامی شہرت یافتہ الیکٹرانک کمپنی ایپل کا لوگو دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے اور اس کی سادگی اور دلکشی کی بناء پر اسے عالمی پیمانے پر سب سے زیادہ پہچانا جانے والا لوگو بھی قرار دیا جاتا ہے، مگر ایک حالیہ تحقیق میں جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد سے اسے پہچاننے کو کہا گیا تو نصف سے بھی زائد افراد اس کی درست پہچان کرنے میں ناکام رہے۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے تحقیق کاروں نے تحقیق کے شرکاء کو کٹے ہوئے سیب پر مشتمل ایپل کے لوگو کی تصویر بنانے کو کہا تو ان میں سے تقریباً 80فیصد ایپل کے سیب کو درست طریقے سے بنانے میں ناکام رہے۔ کسی نے اس کا پتا الٹ سمت میں بنادیا تو کسی نے کھانے کا نشان غلط سمت میں بنادیا، کچھ نے تو سیب کی جگہ آلو اور بینگن جیسی سبزیاں بنادیں۔ جب تحقیق کے شرکاء کو ایپل کے لوگو سے ملتی جلتی 12 اشکال دکھائی گئیں، جن میں ایپل کا اصل لوگو بھی شامل تھا، تو تقریباً 50 فیصد افراد اصل لوگوں کو پہچاننے میں ناکام رہے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ ایپل کا لوگو ہمیں روزمرہ زندگی میں بکثرت نظر آتا ہے اور دماغ اس کی عمومی شکل کو ہی یاد رکھتا ہے جبکہ باریک تفصیلات کا ریکارڈ نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے کہ ہم میں سے اکثر کو یہ تو یاد رہتا ہے کہ ایپل کا لوگو سیب کی شکل کا ہے لیکن اس کی مکمل تفصیلات ہمارے ذہن میں محفوظ نہیں۔