لاہور ہائی کورٹ :فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ نہ دینے پر چیف سیکرٹری ،سیکرٹری قانون اور سیکرٹری صحت کی طلبی
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہو رہائیکورٹ نے عدالتی فیصلوں کے باوجود فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ نہ دینے کے خلاف دائر رٹ درخواست کو توہین عدالت کی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری محکمہ قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت کے لئے طلب کرلیا ہے ۔مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے یہ کارروائی فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی اولڈ گریجوایٹس ایسوسی ایشن کی صدر مہلکہ رانا کی رٹ درخواست پر کی ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو حکم دیا تھا کہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے تاہم 5برس گزرنے کے باوجود پنجاب حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا ،کالج کو یونیورسٹی کا درجہ نہ ملنے کی وجہ سے مختلف نوعیت کے انتظامی مسائل پیدا ہو رہے ہیں، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے پنجاب یونیورسٹی کا الحاق منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس سے فاطمہ جناح میڈیکل کالج بھی متاثر ہو گا کیونکہ یہ کالج پنجاب یونیورسٹی سے الحاق شدہ ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت کالج کو یونیورسٹی کا درجہ نہ دے کر اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہے ،فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا حکم دیا جائے، عدالت دلائل سننے کے بعد رٹ درخواست کو توہین عدالت کی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری محکمہ قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20مارچ کو طلب کرلیا ہے ۔