’میں تمہیں یہ اپنی وین آدھی قیمت پر بیچ رہا ہوں لیکن ایک شرط پر کہ تم اس میں۔۔۔‘ آدمی نے اپنی گاڑی نوجوان جوڑے کو آدھی قیمت پر بیچ دی لیکن ساتھ ہی ایسا وعدہ لے لیا کہ جان کر آپ بھی جذباتی ہوجائیں
سڈنی (نیوز ڈیسک) آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی خاتون الیزے کک اور ان کے خاوند ڈومنک زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر اپنی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے سیر و سیاحت کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ الیزے کا ہمیشہ خواب رہا تھا کہ وہ ایک بڑی ویگن کے مالک بن جائیں جسے وہ سفر کے لوازمات سے بھر کر طویل سیاحت پر نکل جائیں۔ اس نے یہ خواب پورا کرنے کے لئے انٹرنیٹ پر سرچ شروع کردی اور بالآخر اسے 1972ءماڈل ووکس ویگن نظر آگئی، جو بالکل اس کی امنگوں کے مطابق تھی، بس ایک ہی مسئلہ تھا کہ اس کی قیمت 40 ہزار ڈالر (تقریباً 40 لاکھ پاکستانی روپے) تھی۔ الیزے نے اس ویگن کے متعلق ڈومنک کو بتایا تو وہ کہنے لگے کہ اتنی مہنگی ویگن خریدنا ان کے بس میں نہیں لہٰذا صبر کرلینا ہی بہتر ہے، تاہم الیزے کے اصرار پر انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس ویگن پر ایک نظر ضرور ڈالیں گے۔
دونوں میاں بیوی مل کر ویگن کے مالک پیٹر مالٹزان کے پاس پہنچے۔ انہوں نے خوبصورت ویگن کو جی بھر کر دیکھا اور پھر اسے خریدنے کی حسرت دل میں ہی لئے واپس آگئے، لیکن ایک ہفتے بعد انہیں پیٹر مالٹزان کا فون آ گیا۔ وہ انہیں دوبارہ ویگن دیکھنے کے لئے بلارہا تھا۔ اگرچہ ان کے پاس مطلوبہ رقم نہیں تھی لیکن وہ اس کے بلانے پر چلے گئے۔
پیٹر مالٹزان نے انہیں بتایا کہ ویگن کی خریداری کے لئے دو دیگر گاہک بھی رابطہ کرچکے تھے مگر وہ ان کی پسند کے گاہک نہیں تھے۔ پیٹر نے نمناک آنکھوں کے ساتھ الیزے اور ان کے شوہر کو بتایا کہ انہوں نے جب اپنی شادی کے بعد زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا تو اپنی اہلیہ کے ساتھ سیر و سیاحت پر جانے کے لئے یہ ویگن خریدی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میںا ن کی اہلیہ دنیا سے رخصت ہوگئی ہیں اور اب وہ چاہتے ہیں کہ یہ ویگن کسی ایسے نوجوان جوڑے کو بیچ دیں جو ان کی طرح ہی زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر سیر و سیاحت کے لئے اسے استعمال کرے۔ پیٹر کا کہنا تھا کہ اگر انہیں یہ شرط قبول ہے کہ وہ اس ویگن میں بیٹھ کر خوب سیر و سیاحت کریں گے اور جب ان کے بچے ہوں گے تو انہیں بھی سیر کروائیں گے، تو وہ یہ ویگن انہیں آدھی قیمت پر بیچنے کو تیار تھے۔

پیٹر کی یہ باتیں سن کرالیزے اور ان کے شوہر کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں۔ ان کے پاس ویگن کی قیمت سے آدھی رقم ضرور موجود تھی اور وہ تو پہلے ہی اسے سیر و سیاحت کے لئے استعمال کرنے کا سوچ رہے تھے۔ جب پیٹر مالٹزان کو ان کے خیالات کا پتہ چلا تو وہ بھی بہت خوش ہوئے اور ہنسی خوشی 40 ہزار ڈالر کی نایاب ویگن ان کے ہاتھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت کردی۔ اب الیزے اور ان کے شوہر، پیٹر سے کئے گئے وعدے کے مطابق اپنی ویگن لے کر طویل سیاحتی دورے پر نکل چکے ہیں۔






