4 ترقیاتی سکیموں کیلئے8ارب 63 کروڑ5 لاکھ 85ہزار روپے منظور
لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2016-17 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 58 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی کل 4 ترقیاتی سکیمیں مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 8ارب 63 کروڑ5 لاکھ 85ہزار روپے کی منظوری دی ہے ۔ اجلاس کی صدارت پنجاب کے چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کی ۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے 58ویں اجلاس میں جن 4 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ویژن 2020 کے تحت رائٹ ٹو سائٹ نیشنل پروگرام (ترمیمی) کے سلسلہ میں صوبہ پنجاب میں اندھے پن کے کنٹرول اور بچاؤ کیلئے 61 کروڑ 60 ہزار روپے، ضلع لاہور میں میو اور جناح ہسپتالوں میں قائم بلڈ یونٹس کی اپ گریڈیشن فیصل آباد میں ریجنل بلڈ سنٹر کے قیام کیلئے 49 کروڑ 58 لاکھ 36 ہزار روپے، صوبہ پنجاب میں ماڈل فارمز کے قیام کیلئے 3 ارب 21 کروڑ 61 لاکھ 91 ہزار روپے اور لاہور میں بیدیاں روڈ کی کشادگی بحالی ، ملحقہ سڑکوں کی بہتری (فیز I-) کیلئے 4 ارب 30 کروڑ 25 لاکھ 58 ہزار روپے شامل ہیں۔
