حکومت نے ملکی تجارت کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ، ترجمان

حکومت نے ملکی تجارت کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ، ترجمان

کراچی(اکنامک رپورٹر) حکومت نے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی مارکیٹنگ اور تجارت کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ اور تیونس کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے اور نائیجیریا کے ساتھ باہمی اور ترجیحی تجارت کا معاہدہ قومی برآمدات کے فروغ میں کردار ادا کررہے ہیں۔ چین، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے ساتھ آزادانہ اور ترجیحی تجارت کے معاہدوں پر نظرثانی کی جارہی ہے تاکہ ان کو مزید موثر اور پاکستان کے حق میں بنایا جاسکے۔ انڈونیشیا نے 20ترجیحی ٹیرفس پر پاکستان کو منڈی تک بہتر رسائی پر رضا مندی ظاہرکی ہے اور چین پاکستان آزادانہ تجارت کے معاہدے سے پاکستان کی برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے پرمذاکرات کے بعد ترکی کو کی جانے والی برآمدات ایک سال کے دوران ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے مالی سال2016-17ء کے دوان146 بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کی ہے جن میں عالمی خریداروں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات کی نمائش کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت سے قومی برآمدات کے فروغ میں نمایاں مدد حاصل ہوئی ہے۔

مزید : کامرس