بہاریہ مونگ کی کاشت کا موزوں وقت رواں ماہ ہے،ماہرین زراعت

بہاریہ مونگ کی کاشت کا موزوں وقت رواں ماہ ہے،ماہرین زراعت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر ) بہاریہ مونگ کی کاشت کا موزوں وقت مارچ کا مہینہ ہے،کاشتکار زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے آبپاش علاقوں میں مونگ کی منظور شدہ اقسام نیاب مونگ2006 ، نیاب مونگ 2011 اور ازری مونگ 2006 اور نیاب مونگ 2016 جبکہ بارانی علاقوں میں چکوال ایم6 کا 80 فیصد اگاؤ والا 10 سے 12 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ مونگ کے پودوں کی تعداد 135000 سے 170000 فی ایکڑ رکھیں، مونگ میں تقریباً 20 سے 24 فیصد پروٹین ہوتی ہے جو کہ انسانی غذا کا اہم جزو ہے، مونگ کی دال زود ہضم ہونے کی وجہ سے مریضوں اور بچوں کی صحت کے لئے بہت مفید ہے، جس کھیت میں مونگ پہلی دفعہ کاشت کی جائے اس کے بیج کو نائٹروجن اور فاسفورس کے جراثیمی ٹیکے لگانے سے فصل کا اگاؤ بہتر ہوتا ہے اور پودوں کی نائٹروجن اور فاسفورس حاصل کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے جس سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے، ایک ایکڑ بیج کو ٹیکہ لگانے کے لئے 3 گلاس پانی میں 150 گرام شکر، گڑ یا چینی ملا کر شربت کی صورت میں بیج پر چھڑکیں، پھر اس میں ٹیکہ ملا کر بیج اور ٹیکہ کو اچھی طرح ہلائیں۔ بیج کو سایہ دار جگہ میں خشک کرنے کے بعد جلدی کاشت کریں کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ٹیکہ کی افادیت بتدریج کم ہو جاتی ہے۔
،کاشت کیلئے میرا زمین موزوں ہے، مونگ کی فصل کم زرخیز زمین پر مناسب پیداوار دے سکتی ہے۔

تر وتر میں ڈرل کے ساتھ ایک فٹ (30 سینٹی میٹر) کے فاصلہ پر مونگ قطاروں میں کاشت کریں۔ ترجمان نے مزید ہدایت کی کہ پودے سے پودے کا فاصلہ 8 تا 10 سینٹی میٹر رکھیں۔ آبپاش علاقوں میں پہلے پانی سے پہلے اور بارانی علاقوں میں اگاؤ کے 8 سے 10 دن بعد زائد پودے نکال کر چھدرائی مکمل کریں تاکہ پودوں کا درمیانی فاصلہ 8 سے 10 سینٹی میٹر رہ جائے۔بہاریہ مونگ کو4-3 دفعہ آبپاشی درکار ہوتی ہے، پہلا پانی اگاؤ کے 4-3 ہفتہ بعد، دوسرا پانی پھول نکلنے پر اور پھر ایک یا دو پانی حسب ضرورت 2 ہفتے کے وقفہ سے پھلیاں بننے اور پھلیوں میں دانہ بننے پر دیں۔

مزید :

کامرس -