تھیٹر پر کچھ منفرد کرکے دکھانے کی کوشش کی:رائمہ خان
لاہور(فلم رپورٹر) اداکارہ و ماپرفارمر رائمہ خان نے کہا ہے کہ تھیٹر پر ہمیشہ کچھ منفرد کرکے دکھانے کی کوشش کی ۔میرا موجودہ مقام پرستاروں کی محبت اور دعاؤں کا نتیجہ ہے ۔رائمہ خان نے کہا کہ ماڈلنگ کی نسبت اداکاری زیادہ مشکل کام ہے کیونکہ اداکاری میں اپنے کردار میں ڈوب کر فن کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے جس میں فنکار اپنی ذات کی نفی کرکے صرف کردار کو خود پر طاری کرلیتا ہے جو کسی بھی اداکار کیلئے ایک بڑا متحان ہوتا ہے ،شوبز کی دنیا میں اپنی ایسی شناخت بنانے کی خواہش مند ہوں کہ لوگ مجھے مدتوں فراموش نہ کرسکیں اور اس کیلئے میری جدو جہد کا سفر جاری ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ 2018ء فلم انڈسٹری کی بحالی کا سال ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ٹی وی ڈراموں میں ہم بھارت سے بہت آگے ہیں جبکہ فلم کے میدان میں ہمیں مزید توجہ دینے ہوگی ۔ کسی بھی شعبے میں جانے سے پہلے تعلیم لازمی جز ہے ۔مجھے اس بات کا شدت سے رنج ہے کہ شوبز کی وجہ سے میں اپنی تعلیم مکمل نہیں کرسکی مگر آج بھی میرے دل میں خواہش مچلتی ہے کہ میں اپنی تعلیم مکمل کروں ۔