انسداد پولیو مہم کا آغاز 8اضلاع کے 70لاکھ بچے ہدف

انسداد پولیو مہم کا آغاز 8اضلاع کے 70لاکھ بچے ہدف

 لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ 2018ء کو پولیو فری سال بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔انہو ں نے کہاکہ پولیو ورکرز گھر گھر جاکر لوگوں کے بچوں کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے اور انہیں ساری عمر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطر ے پلاتے ہیں ، عوام کو مذکورہ ٹیمو ں کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوانا چاہیے، یہ نہ صرف ان کی قومی ذمہ داری ہے بلکہ بچے کا بنیادی حق بھی ہے ۔خواجہ عمران نذیر نے ان خیالات کااظہارراوی سگیاں پل کے نزدیک افغان بستی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ آٹھ اضلاع میں تقریبا 70 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ انہو ں نے بتایاکہ اس مقصد کیلئے 17 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں موبائل ، ٹرانزٹ اور فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں ۔ مذکورہ 8 اضلاع میں لاہور ، ملتان ، راولپنڈی ، ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ ، راجن پور ، رحیم یار خان اور شیخوپورہ شامل ہیں ۔خواجہ عمران نذیر نے بتایاکہ لاہور میں 17 لاکھ71 سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیاہے جس کے لئے 4100 سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔خواجہ عمران نذیر نے محکمہ صحت ڈسٹرکٹ لاہور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ لاہور کا ماحولیاتی پولیو سیمپل منفی ہوگیا ہے جو عملے کی محنت اور فرض شناسی کا نتیجہ ہے ۔ خواجہ عمران نذیر نے میڈیا کے نمائندو ں کو بتایاکہ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے ڈینگی ورکرز کو ان کی ملازمتوں پر ریگولر کرنے کی سمری وزیراعلی پنجاب کو ارسال کردی ہے جس کی جلد منظوری ہوجائے گی ۔ انہو ں نے کہاکہ جس طرح پنجاب نے ڈینگی میں پورے ملک میں لیڈ کیاہے اسی طرح پولیو کے خاتمے میں بھی پنجاب بازی لے گا۔ انہو ں نے کہاکہ خصوصی مہم کے دوران ایسی بستیوں میں بچو ں کو پولیو کے قطرے پلانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی جو پسماندہ ہیں یا جہاں لوگو ں کو آگاہی کم ہے ۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ لاہور میں اس مہم کا آغاز افغان بستی سے کیاگیاہے تاکہ خیبرپختونخواہ یا کسی دوسرے صوبے سے آنے والے پٹھان بچے پولیو کے قطرو ں سے محروم نہ رہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید سمیر احمد اور لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید نے بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم میں حصہ لیا ۔سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر یداللہ اور محکمہ صحت کے دیگر افسران و یونین کونسل 83 کے مسلم لیگی ورکرز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

عمران نذیر

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...