حکومتی پالیسیوں نے غریبوں سے روٹی بھی چھین لی،ذکر اللہ مجاہد
لاہور ( پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھینا جارہا ہے ۔بھوک ، بیماری اوربیروزگاری کے ستائے ہوئے عوام کے جان ومال اور عزت و آبرو بھی غیر محفوظ ہیں۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے پی پی 139کے ذمہ داران کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، امیر جماعت اسلامی علاقہ وسطی لاہور حاجی ریاض الحسن ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ،شعیب یعقوب مرزا و دیگر موجود تھے۔ذکر اللہ مجاہدنے مزید کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں چور و ڈکیت کھلے عام بنا کسی خوف و خطرے کے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں شہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیں اس کی مثال کہیں نہیں ملتی روزانہ کی بنیاد پر خواتین کے کانوں سے بالیا ں ، ہینڈ بیگ ، موبائل فون اور نقدی چھینی جارہی ہے پولیس کی ایک بھاری نفری حکمرانوں کے پروٹوکول، گھروں اور ان کے دفاتر پر نگرانی کے لیے مامور ہے۔ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ موجودہ حکمران مہنگائی ، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ اور معاشی بحران کے شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ذہنی امراض میں مبتلا کر رہے ہیں ۔انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر لاہور میں جرائم کی بڑھتی ہو ئی وارداتوں کو کنٹرول کیا جائے پروٹوکول اور دیگر جگہوں پر مامور پولیس کی بھاری نفری کو عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لیے مامور کیا جائے۔