آنے والے چند روز بہت اہمیت کے حامل ہیں،عبدالعلیم خان

آنے والے چند روز بہت اہمیت کے حامل ہیں،عبدالعلیم خان

لاہور( نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ آنے والے چند روز بہت اہمیت کے حامل ہیں بیرون ملک سے شریف خاندان کی مزید تفصیلات سامنے آنے والی ہیں جس میں کرپشن کے دستاویزی ثبوت شامل ہوں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کی ریاست اور اداروں کے خلاف احتجاج کرنے والے نواز شریف کیا برطانیہ اور دیگر ملکوں کے خلاف بھی بغاوت کرتے ہوئے مہم چلائیں گے ،انہوں نے کہا کہ عام شہری یہ سوچنے میں حق بجانب ہے کہ آخر کار نواز شر یف کو باغی بننے کا خیال وزارت عظمیٰ چھن جانے اور 28جولائی2018کو نا اہل ہونے کے بعد ہی کیوں آیا؟۔

عبدالعلیم خان نے مختلف اضلاع کے پارٹی وفود سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی سازشوں پر مبنی میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا بیانیہ درحقیقت غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں ،انہوں نے ایک سچ کو چھپانے کیلئے سو جھوٹ بولنے کا تہیہ کر رکھا ہے جس کیلئے وہ شہر شہر مارے مارے پھر رہے ہیں ۔

،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے موجودہ سیاسی حالات میں بہترین پالیسی اختیار کی ہے عمران خان نواز اور زرداری دونوں کے خلاف کرپشن کی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں انہیں انشاء اللہ کامیابی ہو گی۔دریں اثناء عبدالعلیم خان کی ہدایت پر ایم پی اے و سینئر نائب صدر محمد شعیب صدیقی عمران خان کے 13مارچ کے دورے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گجرات پہنچے جہاں انہوں نے مقامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور چیئرمین عمران خان کی آمد کے حوالے سے مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وسطی پنجاب آئیندہ عام انتخابات میں کلیدی کردار ادا کرنے جا رہا ہے جس کیلئے ہماری تنظیمی مضبوطی اور پارٹی کارکنوں کا متحرک ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،انہوں نے عبدالعلیم خان کا کارکنوں کو پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ وہ13مارچ کے دورے کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں عمران خان گجرات میں ٹانڈہ ، جلال پور جٹاں ،گجرات سٹی ، لالہ موسیٰ ،کھاریاں اور سرائے عالمگیر جائیں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4