خطے میں استحکام ،مشترکہ ہدف کیلئے امریکہ پاکستان رابطے میں ہیں : تہمینہ جنجوعہ
واشنگٹن (این این آئی)سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہاہے پاکستان اورامریکہ باہمی اعتماد کے فروغ اور خطے میں استحکام کے مشترکہ ہد ف کیلئے ملکر کام کرنے کے طریقوں پر غور کرنے کیلئے اعلیٰ سطح پررابطے میں ہیں،بھارت اپنے اندرونی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پرکشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کررہاہے۔گزشتہ روز غیرملکی صحافیوں کو بریفنگ میں سیکرٹری خارجہ کا مزید کہنا تھادونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے حالیہ رابطوں کامقصد ایک دوسرے کے موقف کو بہتر طورپر سمجھنا ہے۔پاکستان اورامریکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ اور القاعدہ کے مکمل خاتمے میں کامیاب شراکت دار رہے ہیں، انہوں نے اپنی سرزمین سے ہرقسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے مضبوط عز م کااعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان میں امن افغانستان کے امن واستحکام سے منسلک ہے اورپاکستان شورش زدہ ملک میں امن کے قیام کیلئے افغانیوں کی اپنی قیادت سے انکے شروع کردہ مفاہمتی عمل کاحامی ہے۔سیکرٹری خارجہ نے کہاانہوں نے امریکی حکام کیساتھ اپنی ملا قا توں میں سرحدی نظم ونسق اور دہشت گردوں کی طرف سے پاکستان کیخلاف افغانستان میں موجود محفوظ ٹھکانوں کے استعمال کے پاکستانی خد شات کو بھی واضح کیا۔پاکستان اوربھارت کے درمیان جاری کشیدگی اور کنٹرول لائن پر فائرنگ کے تبادلے سے متعلق سوال پر سیکرٹری خارجہ نے کہابھارت اپنے اندرونی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پرکشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کررہاہے۔
تہمینہ جنجوعہ