شاہد مسعود کا جواب داخل ،معافی مانگے بغیر آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی

شاہد مسعود کا جواب داخل ،معافی مانگے بغیر آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی

اسلام آباد (آن لائن )اینکر پرسن شاہد مسعود نے زینب قتل کیس میں سنسنی خیز انکشافات جھوٹے ثابت ہونے پر سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کرادیا ہے ۔ شاہد مسعود نے عدالت سے معافی مانگے بغیر آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ہفتے کے روز شاہد مسعود کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کراے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی کے ممبران کا انتخاب عدالت نے کیا، انکشافات کی سچائی کا پتہ چلانے کا مینڈیٹ بھی کمیٹی کو عدالت نے دیا، جواب میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کی فائنڈنگ کی صداقت پر کوئی بات نہیں کر سکتا ۔جواب میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے رپورٹ میں جو کہا اس کو نہیں جھٹلاتا، کمیٹی کی فائنڈنگ کے بعد جواب دے کر مقدمہ نہیں لڑنا چاہتا اپنے جواب میں شاہد مسعود نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ اس طرح کا بیان دیتے ہوئے محتاط رہوں گا، قصور کے واقعہ پر بطور صحافی، اینکر جذباتی ہوگیا تھا ۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ مجھے مجرم عمران علی کے بینک اکاونٹس کے حوالے سے معلومات ملیں، مجرم عمران علی کی بااثر افراد سے تعلقات کی بھی اطلاع ملی ، شاہد مسعود کا اپنے جواب میں مزید کہنا تھا کہ معلومات کی بنیاد پر رائے بنائی کہ اس مکروہ دھندے میں مجرم عمران کا انٹرنیشنل مافیا سے تعلق ہے ۔

شاہد مسعود

مزید : صفحہ آخر