امن ہمارا مشترکہ اثاثہ ، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دنیاوی مفادات سے بالا تر ہیں : شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے امام کعبہ ڈاکٹر الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امام کعبہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور سمیت پنجاب میں بے مثال ترقیاتی کاموں پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیرمعمولی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ برس بھی لاہور آیا تھا اور اس شہر کو ترقی کرتے ہوئے پایا تھا، اب یہاں آیا ہوں تو لاہور کو مزید بہتر پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی قیادت میں ترقی کاسفر تیزی سے طے کیاگیاہے۔ یہاں آمد کے بعد مختلف لوگوں نے مجھے صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود اورترقی کیلئے شہباز شریف کی انتھک محنت اور کاوشوں کی بابت بتایا ہے۔ امام کعبہ نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہت محنت سے کام کر رہے ہیں۔لاہور سمیت پنجاب تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور یہ سب آپ کی انتھک محنت اور غیر معمولی صلاحیتوں کا ثمر ہے اور آپ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعاگو ہوں۔ آپ کی محنت سے ترقی کا یہ سفرپورے پاکستان میں پھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آمد میرے لئے باعث مسرت ہے۔ امام کعبہ نے پاک سعودیہ تعلقات کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری اور تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں ۔ پاکستان اور سعودی عرب میں رشتہ محبت اوردین کاہے جو سب رشتوں سے بڑھ کرہے،پاکستان کی قوت سعودی عرب اورسعودی عرب کی قوت پاکستان ہے۔پاکستان کو عالم اسلام میں بھی ایک امتیازی حیثیت حاصل ہے اور پاکستان کا خطے کے امن و استحکام میں اہم کردار ہے اوراس حوالے سے پاکستان کا سیاسی کردار اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ اسی لئے سعودی عرب پاکستان کی جانب سے امن کی کوششوں کی حما یت کرتاہے اورہم اس ضمن میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔امام کعبہ نے کہا کہ ہم پاکستانی حکومت، عوام او رپاک افواج کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اوردونوں ملکوں کے حکمران ایک دوسرے کیساتھ خلوص اورباہمی احترام کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے تاریخی تعلقات کو امت اسلامیہ بخوبی جانتی ہے ۔جب بھی کسی پر مشکل آئی تو دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا مکمل ساتھ دیا ہے اورمشکلات میں معاملات کوحل کیا ہے۔پاکستان اورسعودی عرب کا مضبوط ہونا پوری امت مسلمہ کا مضبوط ہونا ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے امام کعبہ اوران کے وفد کے اراکین سے عربی زبان میں گفتگو کی۔وزیراعلیٰ نے پاکستان اورلاہور آمد پرا مام کعبہ کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پاکستان آمد باعث خیروبرکت ہے۔میں آپ اور آپ کے وفد کے اراکین کو پاکستان کے تاریخی، ثقافتی شہر لاہورآمد پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔پاکستان اور سعودی عرب میں تعلقات کی تاریخ صدیو ں پر محیط ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات دنیاوی مفادات سے بالاتر ہیں اور امن ہی ہمارا مشترکہ اثاثہ ہے ۔امام کعبہ کی پاکستان کی سرزمین پرمبارک آمد کے باعث پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اوردونوں ملکوں کی حکومتوں اورعوام میں مزید قربتیں آئیں گی اورآپ کے دورے سے ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گا۔۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں ۔دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کی خوشیوں اورغم میں برابر کے شریک رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے بے پایاں تعاون کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہی خاندان نے پاکستان کی ہمیشہ بھر پور مدد کی ہے اورسعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کیساتھ کھڑا رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی عوام دوست پالیسیوں کا قدر دان ہوں اوریقیناًان کی پالیسیوں کے تعلیم،صحت اورروزگار کی فراہمی کے حوالے سے دور رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب سے دلی عقیدت رکھتے ہیں اور دونوں ملکو ں کے تعلقات دنیاوی ضروریات سے بالاتر ہیں۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراورپاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی، شیخ سعد الدوساری، سینیٹر پروفیسر ساجد میر، حافظ ڈاکٹر عبدالکریم اور دیگر بھی موجود تھے۔
شہباز شریف