لاڈلے تھوڑا انتظار کریں حقیقت آشکار ہونیوالی ہے : مریم نواز، نواز شریف کی بیٹی کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں : عمران خان

لاڈلے تھوڑا انتظار کریں حقیقت آشکار ہونیوالی ہے : مریم نواز، نواز شریف کی ...

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے لاڈلے صاحب سے کہیں بس چند دن انتظار کر لیں انشاء اللہ ریڈ لے کی طرح جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا صاحب خود ان کاغذات کی حقیقت بتا دیں گے۔گزشتہ روزسماجی رابطے کی ویب سا ئٹ ٹوئٹرپرسابق وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا لاڈلہ صاحب سے کہیں کہ وہ بس چند دن انتظار کرلیں پانامہ کیس کی تحقیقات کرنیوالی مشترکہ کمیٹی کے سربراہ واجد ضیاء جلد ہی حقیقت آشکار کر دینگے ،واضح رہے پاناما جے آئی ٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی جانیوالی تحقیقاتی رپورٹ میں شریف خاندان پر جعلی دستاویز جمع کرانے کا بھی الزام عائد کیا گیا۔ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ کے ایک حصے میں اس بات کا انکشاف کیا تھاکہ مریم نواز کی بعض دستاویزات میں مائیکروسافٹ کا ’’کیلبری ‘‘ فونٹ استعمال کیا گیا ہے لیکن ان دستاویز پر 2006 کی تاریخ درج ہے جبکہ کیلبیری فونٹ 2007 میں باضابطہ طور پر متعارف کرایا گیا تھا، تاہم نیب کے دائر ریفرنس میں برطانوی گواہ رابرٹ ریڈلے نے اپنے بیان میں کہا تھا 360 قسم کے فونٹ موجود ہیں، 2005 سے پہلے کیلبری سمیت 6 کلیئر فونٹ موجود تھے، 2005 میں کیلبری فونٹ کی مختلف اقسام موجود تھیں جبکہ میں نے اپنی رپورٹ میں نہیں بتایا کہ کیلبری فونٹ کی اقسا م موجود تھیں۔

مریم نواز

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیا د ت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے نواز شریف نے پیسہ چرایا اور اپنی بیٹی کے نام پر منی لانڈرنگ کر کے باہر بھجوایا۔اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب اورقبل ازیں سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ٹوئٹ میں انکا مزید کہنا تھامسلم لیگ (ن ) ا ور پیپلز پارٹی سے کبھی اتحاد نہیں ہو سکتا، کوشش ہے چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہو۔ن لیگ نے خود پولیس کا نظام تباہ کیا جبکہ خیبر پختو نخو ا کی پولیس مثالی بن چکی ہے، سڑکیں اور پل نہیں تعلیم اور صحت کے شعبے ہماری اولین ترجیح ہیں جبکہ غربت ختم کرنے کیلئے اسپیشل پالیسیاں بنا ئیں گے۔عمران خان نے بانی پاکستانؒ اور شاعر مشرق ؒ کو اپنا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا لبرل ذہن غلامی نہیں ہمیشہ آزادی چاہتا ہے ، ہما را پارٹی منشور تیار ہو رہا ہے جو انقلابی ہو گا، کوشش ہے اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور اس حوالے سے پہلے ہی سپریم کور ٹ میں مقدمہ کر رکھا ہے، امید ہے جلد انصاف ملے گا۔ مریم نواز کا اپنا کوئی ذریعہ آمدن نہیں لیکن وہ مے فیئرز فلیٹس کی مالک ہیں، یہ پیسہ نواز شریف نے چرایا اور بیٹی کے نام پر منی لانڈرنگ کر کے باہر بھجوایا، کرپشن، چوری کے پیسے سے خریدی گئی جائیدادیں بچانے کیلئے مریم نواز نے جھوٹ بولے۔ 2018کا الیکشن پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن الیکشن ہو گا، ایک طرف ہم دوسری جانب کرپٹ مافیا ہے،جلسوں میں جنون قیمہ والے نان بانٹنے سے نہیں آتا، نواز شریف کہتا ہے نیا پاکستان بنانا ہے،انہیں اس بات کا خیال 20سال کی حکمرانی کے بعد آ یا ،شہباز شریف سب سے بڑا ڈرامہ ہے،(ن)لیگ نے سوشل میڈیا فارمولے پر ہمیں فالو کیا، چین نے 70کروڑ لوگوں کو 30سال میں غربت سے نکالا، ہم نے بھی اپنے 10کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے،میرا 21سال کا پاکستان کی سیاست کا تجربہ ہے، ایسا تجربہ کسی بھی سیاستدان کو نہیں ۔ سوشل میڈیا ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سوشل میڈیا ٹیم میں سرگرم لوگ ہیں، ہماری کرکٹ ٹیم نے دنیا میں پہلی مرتبہ ریورس سوئنگ متعارف کروائی، برے وقت کا اچھے طریقے سے مقابلہ کرنا ہی کامیابی کا راز ہے،ٹو پارٹی سسٹم میں تیسری پارٹی کا آنا نا ممکن ہوتا ہے، ہم نے نئے نئے طریقے آزمائے، آپ ہمارے جلسے دیکھ لیں، پہلی مرتبہ خواتین جلسوں میں آئین۔ ہم نے پارٹی میں ترا نو ں کو متعارف کروایا، دوسری جماعتیں جلسوں میں باقاعدہ ڈانس کرواتی ہیں تا کہ لوگوں کو متوجہ کیا جا سکے، تحریک انصاف نے سب سے پہلے سوشل میڈیا کے ذریعے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اپنی طرف راغب کیا، نت نئے آئیڈیاز لائے ہیں، ہم شوکت خانم میں 70فیصد مریضوں کا مفت علاج کر رہے ہیں، یہ ہسپتال عوام کے پیسوں سے بنا اور اسے عوام کے پیسوں پر ہی چلایا جا رہا ہے، ہم نے دوسری جماعتوں کو زیر کرنے کیلئے نت نئے طریقے لانے ہیں۔ عمران خان نے ٹوئٹر پر کچھ دستاویزات شیئر کرتے ہوئے کہایہ دستاویز شریفوں کے قطری خطوط، ٹرسٹ ڈیڈ اور کیلیبری جیسے تمام جھوٹ بے نقاب کرتی ہیں۔ برٹش ورجن آئی لینڈ کی فنانشنل انوسٹی گشن ایجنسی کی دستاویز سے مکمل طور پر ثابت ہوتا ہے مریم نواز ہی اربوں روپے مالیت کے مے فیئرز فلیٹس کی مالک ہیں۔مریم نواز کا اپنا کوئی ذریعہ آمدن نہیں چنانچہ یہ پیسہ نواز شریف نے چرایا اور بیٹی کے نام پر منی لانڈرنگ کرکے باہر بھجوایا ہے۔

عمران خان

مزید : علاقائی